بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم، آرمی چیف و دیگر کی شہید ایرانی سپریم لیڈر کے جنازے میں شرکت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، عزت مآب ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر، آیت اللہ سید علی خامنہ ای، کے جنازے میں شرکت کی۔

مرحوم سپریم لیڈر 28 فروری 2026 کو ایران پر ہونے والے حملوں کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔وزیراعظم نے پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی۔

وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام شامل تھے۔

اس پُرملال موقع پر وزیراعظم نے اسلام کے لیے شہید سپریم لیڈر کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک غیر معمولی بصیرت، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔

وزیراعظم نے سپریم لیڈر، آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور برادر عوامِ ایران کے ساتھ اس قومی سانحے پر مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید رہنما کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔

مزید پڑھیں:پاکستان ریلویز کا اہم منصوبہ ایم ایل ون سی پیک سے نکل گیا، سیکریٹری اقتصادی امور

سینیٹ چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، ارکانِ پارلیمان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ جنازے میں شرکت کی۔نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم، جو آج ہی تہران پہنچے تھے، اپنے سرکاری دورۂ ترکیہ کے لیے استنبول روانہ ہوگئے۔