پاکستان کے عظیم لوک گلوکار پنجاب کی ثقافت کی پہچان اور جگنی کو عالمی شہرت دلانے والے عالم لوہار(Folk Singer Alam Lohar) کی 47ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ ان کی آواز آج بھی موسیقی کے شائقین کے دلوں میں زندہ ہے۔
عالم لوہار یکم مارچ 1928 کو گجرات کے ایک نواحی گاؤں میں پیدا ہوئے، انہوں نے کم عمری سے گلوکاری کا آغاز کیا۔ عالم لوہار کو چمٹا بجانے اور آواز کا جادو جگانے میں کمال کا فن حاصل تھا، ان کے گائے ہوئے پنجابی گیتوں کی خوشبو آج بھی جا بجا بکھری ہوئی ہے۔
لوک گلوکار عالم لوہار کی گائیکی کا انداز منفرد اور اچھوتا تھا۔ اردو اور پنجابی سے انجان غیر ملکی بھی ان کی خوبصورت دُھنوں پر جھوم اٹھتے تھے۔
ہیر وارث شاہ، سیف الملوک، بول مٹی دیا باویا اور بالخصوص “جگنی” جیسی لازوال پیشکشوں نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ ان کا نام پاکستان کی ثقافتی تاریخ کا لازمی حصہ بن چکا ہے، انہوں نے نہ صرف ملک بھر بلکہ برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور یورپ میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔
مزید پڑھیں:پی ایچ ایف نے ہاکی ٹیم کیلئے 5 کوچز کی خدمات حاصل کرلیں، سابق پی سی بی کوچ بھی شامل
عالم لوہار نے ثابت کیا کہ فنکار جسمانی طور پر رخصت ہو سکتے ہیں، مگر ان کا فن کبھی نہیں مرتا۔ ان کی آواز آج بھی پنجاب کی مٹی کی خوشبو، ثقافت اور محبت کی پہچان ہے۔








