بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پریتی زنٹا نے ڈیپ فیک ڈیجیٹل مواد کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

بالی ووڈ اداکارہ اور آئی پی ایل فرنچائز پنجاب کنگز کی شریک مالک پریتی زنٹا (pretty Zanta)نے مبینہ طور پر اپنی شناخت کے غیر مجاز استعمال، اے آئی سے تیار کردہ ڈیپ فیک، تبدیل شدہ تصاویر اور دیگر ڈیجیٹل مواد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

51سالہ پریتی زنٹا نے گوگل، میٹا، ڈومین رجسٹرارز اور دیگر کے خلاف مقدمے میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی اجازت کے بغیر ان کی شناخت، تصاویر اور مشابہت استعمال کرتے ہوئے اے آئی ڈیپ فیک اور تبدیل شدہ مواد آن لائن شیئر کیا گیا، جس سے ان کی ساکھ اور رازداری متاثر ہوئی۔

اس معاملے کی سماعت کے دوران بمبئی ہائی کورٹ نے گوگل اور میٹا کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی مواد کو ہٹانے کے لیے ایک مؤثر حذف کرنے کا طریقۂ کار تیار کریں جو خلاف قانون مواد کی درست نشاندہی کر کے اسے ہٹا سکے، جبکہ جائز اور قانونی مواد محفوظ رہے۔

پریتی کے وکیل نے عدالت سے فوری ہدایات جاری کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ تمام ویب سائٹس اور آن لائن پلیٹ فارمز کو نشاندہی کیے گئے خلافِ قانون مواد کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا جائے۔ درخواست کے مطابق یہ اقدام ان کے شخصی اور اخلاقی حقوق اور حق رازداری کی خلاف ورزی ہے۔

گوگل اور میٹا کی جانب سے پیش ہونے والے وکلا نے بمبئی ہائی کورٹ کو بتایا کہ کمپنیاں ایسے لنکس ہٹانے کے لیے تیار ہیں جن میں تبدیلی کی گئی یا فحش نوعیت کا مواد موجود ہو، بشرطیکہ پریتی متعلقہ مخصوص یو آر ایل کی نشاندہی کریں۔

تاہم انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ایسا وسیع حکم جاری نہ کیا جائے جس کے تحت آن لائن پلیٹ فارمز کو ہر وقت ایسے مواد کی نگرانی یا اسے ہٹانے کا پابند بنایا جائے جو ضروری نہیں کہ کسی کے حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہو۔

مزید پڑھیں:پاکستان نے پہلی بار کار ٹی سیل تھراپی کی تکمیل میں تاریخی کامیابی حاصل کرلی

اس موقع پر عدالت کے جسٹس مادھو جمادار نے ریمارکس دیے کہ عدالت کا کوئی بھی حکم اس انداز میں تیار کیا جانا چاہیے کہ صرف قابلِ اعتراض مواد ہی ہٹایا جائے اور حقیقی اور قانونی آن لائن مواد متاثر نہ ہو۔