پاکستان ایئر فورس (PAF) نے مختلف ٹریڈز میں ایئر مین کی بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ خواہشمند امیدوار 6 جولائی سے 19 جولائی 2026 تک آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
پاک فضائیہ کے مطابق بھرتی کے لیے امیدوار پاکستانی، غیر شادی شدہ مرد ہوں گے۔ مختلف ٹریڈز کے لیے عمر، قد، تعلیمی قابلیت اور دیگر شرائط الگ الگ مقرر کی گئی ہیں۔ زیادہ تر ٹریڈز کے لیے میٹرک (سائنس) میں کم از کم 65 فیصد نمبر، جبکہ بعض شعبوں میں 50 سے 70 فیصد تک نمبر درکار ہیں۔ فزکس، کیمسٹری، ریاضی اور انگریزی میں بھی مقررہ کم از کم نمبروں کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بھرتیاں ایرو ٹیک، ایرو سپورٹ، پی ایف اینڈ ڈی آئی، سیکیورٹی، ایم ٹی ڈی، فائر فائٹر، میڈیکل اسسٹنٹ اور میوزک سمیت مختلف شعبوں میں کی جائیں گی۔ بعض ٹریڈز کے لیے بغیر چشمے کے 6/6 بینائی، مخصوص قد اور جسمانی معیار بھی لازمی ہوگا، جبکہ فائر فائٹر کے امیدواروں کے لیے LTV/HTV ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔
اشتہار کے مطابق خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر دور دراز علاقوں کے امیدواروں کے لیے بعض تعلیمی شرائط میں خصوصی رعایت بھی دی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، بعض مقامات پر بارش کا امکان
امیدواروں کا انتخاب ابتدائی تحریری امتحان، انٹیلی جنس ٹیسٹ، جسمانی ٹیسٹ، طبی معائنہ اور انٹرویو کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ کامیاب امیدواروں کو پاک فضائیہ کی مقررہ تربیت کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
پاک فضائیہ میں منتخب ہونے والے افراد کو پرکشش تنخواہ، مفت طبی سہولیات، رہائش، گروپ انشورنس، اندرون و بیرون ملک تربیتی مواقع، اعلیٰ تعلیم کے امکانات اور دیگر سرکاری مراعات فراہم کی جائیں گی۔
خواہشمند امیدوار مقررہ تاریخ کے اندر آن لائن درخواست جمع کرائیں اور ٹیسٹ کے وقت اصل شناختی دستاویزات اور تعلیمی اسناد ساتھ لائیں۔
آن لائن رجسٹریشن: 6 تا 19 جولائی 2026
ویب سائٹ: www.joinpaf.gov.pk









