مسلم لیگ (ن) (pmln)آزاد جموں و کشمیر لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری بلال بٹ نے پارٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے، ان کی پارٹی چھوڑنے کی وجہ آزاد جموں و کشمیر انتخابات میں ایل اے 34 کے لیے پارٹی ٹکٹ نہ ملنا بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بلال بٹ نے کشمیر انتخابات میں ایل اے 34 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے لیے درخواست دی تھی، تاہم پارٹی کی جانب سے انہیں ٹکٹ جاری نہ کیے جانے پر انہوں نے مسلم لیگ (ن) سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا۔
بلال بٹ اس سے قبل یونین کونسل 90 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر وائس چیئرمین بھی منتخب رہ چکے ہیں اور پارٹی کے تنظیمی امور میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:بھارت: اسکولوں کے قریب انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کشمیر انتخابات کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس میں بلال بٹ نے شرکت نہیں کی،اجلاس میں ان کی غیر موجودگی پر بعض شرکاء نے ان کے حامی لیگی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ بعض رہنماؤں نے بلال بٹ کو “مفاد پرست سیاسی رہنما” قرار دیا۔
تاہم بلال بٹ کی جانب سے اجلاس میں کی جانے والی مبینہ تنقید یا ان سے منسوب دیگر سیاسی مؤقف پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا،دوسری جانب سیاسی حلقوں میں ان کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کو آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔








