مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ورچوئل اداکارہ ٹلی نورووڈ جلد اپنی پہلی فیچر فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔
ورچوئل اسٹوڈیو پارٹیکل 6 نے اعلان کیا ہے کہ وہ Misaligned کے نام سے ایک فیچر فلم تیار کرے گا، جسے زیادہ تر مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنایا جائے گا، تاہم اس میں انسانی مصنفین، تکنیکی ماہرین اور اداکار بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔
فلم کا عنوان Misaligned اس تصور کی عکاسی کرتا ہے کہ مصنوعی ذہانت کو انسانی اقدار اور مقاصد سے ہم آہنگ کرنے کی جدوجہد کس طرح درپیش ہے۔
پارٹیکل 6 کی بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایلائن وین ڈر ویلڈن کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت اعلیٰ معیار کی کہانی پر مبنی فلم سازی میں معاون ثابت ہو سکتی ہے، لیکن اس کے لیے انسانی مہارت، تخلیقی صلاحیت، درست فیصلہ سازی اور وقت کی ضرورت برقرار رہے گی۔
مزیدپڑھیں:190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو دلائل کیلئے آخری مہلت
انہوں نے کہا کہ آئندہ برسوں میں وہی فلم ساز کامیاب ہوں گے جو روایتی کہانی سنانے کی مہارت کو نئی اے آئی ٹیکنالوجی کے ساتھ مؤثر انداز میں استعمال کریں گے اور Misaligned اسی تصور کو عملی شکل دینے کی کوشش ہے۔
اسٹوڈیو کے ترجمان کے مطابق ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ فلم سنیما گھروں میں ریلیز ہو گی یا اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر جبکہ ریلیز کی تاریخ بھی تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔
دوسری جانب ہالی ووڈ کی مختلف یونینز اور معروف اداکاروں، جن میں اسکارلیٹ جوہانسن اور کیٹ بلانشیٹ شامل ہیں نے مصنوعی ذہانت اور اس کے جنریٹو ٹولز کے ذریعے کاپی رائٹ شدہ تخلیقی مواد کے استعمال پر واضح حدود مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔








