پاکستان امریکن شکاگولینڈ چیمبر آف کامرس کے صدر نوید انور چوہدری(Naveed Anwar Chaudhry) نے امریکی کانگریس مین جوناتھن جیکسن سے ملاقات کی،
جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات، کاروباری تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نوید انور چوہدری نے کانگریس مین جوناتھن جیکسن کو پاکستان امریکن شکاگولینڈ چیمبر آف کامرس کی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر پاکستانی کاروباری اداروں کو شکاگو کی کاروباری برادری سے منسلک کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کانگریس مین جوناتھن جیکسن کو 21 اگست کو منعقد ہونے والی چیمبر کی خصوصی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی اس تقریب کی اہمیت میں مزید اضافہ کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے مصروف شیڈول میں سے وقت نکال کر اس تقریب میں ضرور شرکت کریں گے۔
مزیدپڑھیں:بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 19 دہشتگرد ہلاک،11 اہلکار شہید
اس موقع پر کانگریس مین جوناتھن جیکسن نے دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ انہیں اس تقریب میں مدعو کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد از جلد اپنی شرکت کے حوالے سے جواب دیں گے اور اس سلسلے میں آئندہ رابطہ بھی جاری رہے گا۔
کانگریس مین جوناتھن جیکسن نے پاکستان کے امن پسند کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قوم نے دنیا بھر میں امن اور ہم آہنگی کا مثبت پیغام پہنچایا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکراتی ماحول کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔
انہوں نے پاکستان امریکن شکاگولینڈ چیمبر آف کامرس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نوید انور چوہدری کے لیے نیک تمناوٴں کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ چیمبر کے پرامن جذبے، بین الاقوامی تعاون اور تجارتی روابط کے فروغ کی کوششوں کی قدر کرتے ہیں۔








