بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

محترمہ فاطمہ جناح ہماری تاریخ کے فیصلہ کن دور میں عزم و استقلال کی ایک مضبوط علامت بن کر سامنے آئیں، صدر مملکت آصف علی زرداری کا محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 59 ویں برسی کے موقع پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری(Asif Ali Zardari) نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے قیام کے لئے محترمہ فاطمہ جناح کی غیر متزلزل جدوجہد، قائداعظم محمد علی جناحؒ کی رفاقت میں ان کی ثابت قدمی اور تحریک پاکستان کے دوران ان کی انتھک خدمات ہماری قومی تاریخ کا ہمیشہ حصہ رہیں گی۔

محترمہ فاطمہ جناح ہماری تاریخ کے فیصلہ کن دور میں عزم و استقلال کی ایک مضبوط علامت بن کر سامنے آئیں۔ محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 59 ویں برسی کے موقع پر ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج پوری قوم پاکستان کی عظیم، بہادر، صاحب بصیرت اور مخلص بیٹی کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے، وطن عزیز کے قیام کے لیے ان کی غیر متزلزل جدوجہد، قائداعظم محمد علی جناحؒ کی رفاقت میں ان کی ثابت قدمی اور تحریک پاکستان کے دوران ان کی انتھک خدمات ہماری قومی تاریخ کا ہمیشہ حصہ رہیں گی۔صدر مملکت نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناحؒ ہماری تاریخ کے فیصلہ کن دور میں عزم و استقلال کی ایک مضبوط علامت بن کر سامنے آئیں۔

مزیدپڑھیں:مادر ملت فاطمہ جناحؒ کی آج 59ویں برسی منائی جا رہی ہے

انہوں نے اس دور کی سماجی رکاوٹوں کے باوجود برصغیر بھر کی خواتین کو متحرک کیا اور انہیں تحریک آزادی کی ایک موثر قوت میں تبدیل کر دیا۔قیام پاکستان کے بعد بھی وہ لاکھوں مہاجرین کی آبادکاری اور بحالی کی کاوشوں میں شامل رہیں۔ ان کی بے مثال ہمدردی، عملی قیادت اور ثابت قدمی نے شدید مصائب سے دوچار بے شمار خاندانوں کو نئی امید، حوصلہ اور باوقار زندگی کی راہ دکھائی۔ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے ان کی وابستگی اور آمریت کے خلاف ان کی بے خوف آواز، آج بھی پاکستانی عوام کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناحؒ کی میراث ہمیں یہ لازوال سبق دیتی ہے کہ کسی بھی قوم کی حقیقی طاقت اس کے عوام کے اخلاقی حوصلے اور انصاف، مساوات اور آزادی کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی میں پنہاں ہوتی ہے۔آج ہم ان کی یاد میں اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ان جمہوری اقدار اور اصولوں کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے جنہیں انہوں نے پوری استقامت کے ساتھ اپنایا ۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محترمہ فاطمہ جناحؒ کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے جذبہ شجاعت، دیانت، استقامت، ایثار اور عوامی خدمت کے اعلیٰ نمونے کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے