مظفرآباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران و صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا کہ “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” محض ایک نعرہ نہیں بلکہ قومی اتحاد، امن، استحکام اور ترقی کے عزم کی علامت ہے،کوہالہ سے مظفرآباد تک نکالی گئی عظیم الشان ریلی میں عوام کے سمندر نے ثابت کر دیا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان سے اپنی لازوال محبت اور وفاداری پر ہمیشہ ثابت قدم رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہالہ سے راڑہ مظفرآباد تک “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کے عنوان سے نکالی گئی تاریخی اور عظیم الشان ریلی کی قیادت کرتے ہوئے مظفرآباد میں منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے پاکستان، افواج پاکستان اور قومی یکجہتی سے اپنی وابستگی کا بھرپور اظہار کیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے آزاد کشمیر کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ اپنی محبت، وفاداری اور یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی اور پاکستان سے محبت کو کبھی شکست نہیں دے سکتا۔وفاقی وزیر نے افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے تمام اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران وادیٔ نیلم میں کشمیری عوام کے ساتھ موجود رہے اور آزادی کشمیر کی تحریک میں کشمیریوں کی تاریخی قربانیوں کے گواہ ہیں۔برہان وانی شہید کی برسی کا ذکر کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے راولاکوٹ کے سپاہی مقبول کی قربانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شدید تشدد کے باوجود انہوں نے پاکستان کے خلاف نعرہ لگانے سے انکار کیا اور اپنے خون سے “پاکستان زندہ باد” لکھ کر لازوال مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے انتہائی دانشمندانہ حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے کو ایک بڑے بحران سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی فلاح حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر کو آٹے اور بجلی پر دی جانے والی سبسڈی بدستور جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے، تاہم کالعدم ایکشن کمیٹی کے بعض ذمہ داران نے مذاکرات کے دوران پاکستان کے ساتھ وفاداری سے متعلق شق ختم کرنے کا مطالبہ کیا، جسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے آزاد کشمیر میں چار دانش سکولوں کا قیام کشمیری عوام سے خصوصی محبت اور تعلیم کے فروغ کے عزم کا عملی اظہار ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حکومت مانسہرہ سے مظفرآباد اور بعد ازاں میرپور تک موٹروے کی تعمیر کے منصوبے کو بھی عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہے، جس سے خطے میں ترقی، تجارت اور سیاحت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کا روشن مستقبل ہیں اور انہیں تعلیم، محنت، کردار اور صلاحیت کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نفرت کے بجائے محبت، تقسیم کے بجائے اتحاد، اور مایوسی کے بجائے امید کا پیغام عام کریں تاکہ پاکستان مزید مضبوط، مستحکم اور خوشحال بن سکے۔ریلی کوہالہ سے شروع ہوئی اور راڑہ مظفرآباد کے مقام پر بڑے اجتماع کی شکل اختیار کر گئی ۔بڑے جلسہ عام میں صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، کیپٹن (ر) صفدر، سابق ڈپٹی اسپیکر جنرل سیکرٹری، مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا مرتضی جاوید عباسی، ایم این اے محسن شاہنواز رانجھا ،سنیٹر سعود چوہدری، ایم پی اے احمد نواز ، ایم پی اے عاصم شیر ،سابق وزیر حکومت نورین عارف ، ثاقب مجید راجہ سمیت مقامی قیادت نے شرکت کی ۔
امیر مقام کی قیادت میں کوہالہ سے مظفرآباد تک “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” ریلی








