سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف(Maryam Nawaz Sharif) کی ایک ویڈیو بڑے پیمانے پر اس دعویٰ کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے کہ انہوں نے اپنی ایک حالیہ تقریر کے دوران کہا کہ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی نے 13 سال کی عمر میں کالج سے گریجویشن کی تھی۔
یہ دعویٰ غلط ہے، مریم نواز شریف نے یہ نہیں کہا کہ ان کی بیٹی نے 13 سال کی عمر میں گریجویشن کی تھی۔
انہوں نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ان کی بیٹی نے حال ہی میں گریجویشن مکمل کی ہے اور انہوں نے ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے یاد دلایا کہ جب وہ (بیٹی) جیل میں اپنی والدہ سے ملنے آئی تھیں تو اس وقت ان کی عمر 13 سال تھی۔
دعویٰ
4 جولائی کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اکاؤنٹ سے 25 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی نے محض 13 سال کی عمر میں گریجویشن کی تھی۔
پوسٹ میں لکھا گیا: “میری چھوٹی بیٹی نے جب گریجوایشن مکمل کی تو اس کی عمر 13 سال تھی، مریم نواز۔”
اس پوسٹ میں مریم نواز شریف کی انگریزی میں تقریر کا ایک کلپ شامل تھا، یہ آرٹیکل لکھے جانے تک اس ویڈیو کو 1 لاکھ 52 ہزار 300 سے زائد مرتبہ دیکھا، 3 ہزار 200 مرتبہ لائک اور 1 ہزار 200 مرتبہ ری شیئر کیا جا چکا تھا۔
میری چھوٹی بیٹی نے جب گریجوایشن مکمل کی تو اس کی عمر 13 سال تھی مریم۔نواز
😂😂😂😂😂😂😂😂😂😂😂😂
سمجھ آجائے تو مجھے بھی بتا دینا pic.twitter.com/16ffCRWyGR— Malik Pervaiz Iqbal Umvi Adv (@MalikUmvi) July 3, 2026
اسی طرح کے دعوے فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی شیئر کیے گئے ہیں۔
حقیقت
جیو فیکٹ چیک نے مریم نواز شریف کی مکمل تقریر کا جائزہ لیا، جو انہوں نے 2 جولائی کو اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے زیر اہتمام جیل اصلاحات پر ہونے والی قومی کانفرنس میں دی تھی۔
مزیدپڑھیں:پاکستان میں فی تولہ سونا 3 ہزار روپے سے زائد مہنگا ہوگیا
تقریر کے دوران مریم نواز شریف نے 2018 اور 2019 میں اپنی اسیری کے دنوں کو یاد کیا اور حراست کے دوران خاندان کے افراد سے ملاقاتوں کے جذباتی اثرات پر بات کی، اپنی سب سے چھوٹی بیٹی کی ملاقاتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا:”سلاخوں کے پیچھے قید کسی بھی شخص کے لیے اپنے پیاروں سے ملاقات محض ایک ملاقات نہیں ہوتی، بلکہ یہ اکثر اس بات کی یاد دہانی ہوتی ہے کہ جیل سے باہر بھی زندگی موجود ہے، میری بیٹی، میری سب سے چھوٹی بیٹی، جس نے ابھی حال ہی میں اپنی گریجویشن مکمل کی ہے، اس وقت صرف 13 سال کی تھی اور مجھے یاد ہے کہ وہ جب بھی ملاقات کے کمرے میں آتی، تو روتی ہوئی واپس جاتی تھی، ایک ماں کے طور پراور میں جانتی ہوں کہ یہاں بیٹھی ہر ماں اور ہر خاتون اس احساس کو سمجھ سکتی ہے، وہ ایک انتہائی مشکل وقت تھا۔“
وائرل کلپ میں مریم نواز کی گفتگو کا سیاق و سباق حذف کیا گیا ہے، مکمل تقریر میں جملہ ”جس نے ابھی حال ہی میں اپنی گریجویشن مکمل کی ہے“ بیٹی کی موجودہ تعلیم کی تکمیل کی طرف اشارہ کرتا ہے، جبکہ ”اس وقت صرف 13 سال کی تھی“ سے مراد وہ دور ہے جب مریم نواز قید میں تھیں اور ان کی بیٹی جیل میں ان سے ملنے آتی تھی، جملے کے یہ دونوں حصے دو الگ الگ ادوار سے تعلق رکھتے ہیں۔
مکمل تقریر کو ویڈیو میں 12:00 منٹ پر دیکھا جا سکتا ہے۔
فیصلہ: مریم نواز شریف نے یہ نہیں کہا کہ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی نے 13 سال کی عمر میں گریجویشن کی تھی، انہوں نے واضح کیا کہ ان کی بیٹی نے حال ہی میں گریجویشن مکمل کی ہے اور جب وہ جیل میں ان سے ملنے آئی تھیں تو اس وقت ان کی عمر 13 سال تھی۔








