بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد کشمیر کے عوام ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرینگے، دانیال چوہدری

راولپنڈی: وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال(Barrister Daniyal) چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور آئندہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔

وہ این اے-57 راولپنڈی میں آزاد کشمیر انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان، ارکان پنجاب اسمبلی ،ضیاء اللہ شاہ اوررفعت عباسی، سابق رکن پنجاب اسمبلی راجہ ارشد محمود، چیف کوآرڈینیٹرراجہ عبدالباسط مسکین، آزاد کشمیر اسمبلی کے امیدواراحمد رضا قادری اوریاسین لون سمیت متعدد سیاسی و تنظیمی رہنماؤں نے شرکت کی۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت، میرٹ، ترقیاتی منصوبوں اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا، جبکہ مخالفین کے پاس عوام کو پیش کرنے کے لیے صرف الزامات اور انتشار کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ہر مشکل وقت میں قومی مفاد کو مقدم رکھا اور ملک کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے، یہی وجہ ہے کہ عوام آج بھی مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد رکھتے ہیں۔

انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران گھر گھر جا کر عوام سے رابطہ کریں، حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کریں اور نظم و ضبط، اتحاد اور مثبت سیاسی رویے کا عملی مظاہرہ کریں۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے لیے کارکنوں کا جذبہ، مضبوط تنظیم اور مسلسل عوامی رابطہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی قیادت کی رہنمائی میں آزاد کشمیر میں ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے سفر کو مزید تیز کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:انٹر بینک میں امریکی ڈالر مزید سستا، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

اجلاس میں انتخابی حکمت عملی، تنظیمی امور، عوامی رابطہ مہم اور کارکنوں کی ذمہ داریوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ شرکاء نے پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور اور منظم انتخابی مہم چلانے کے عزم کا اظہار کیا۔