بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آپریشن شعبان: بلوچستان میں فورسز کی تازہ کارروائیوں میں 9 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن شعبان (Operation Shaaban)بھرپور انداز میں جاری ہے، مزید 9 خارجی مارے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں، تازہ کارروائیوں کے دوران 9 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور دراز راستوں میں چھپے دہشت گردوں کو ہوائی اور زمینی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 52 ہو چکی ہے، 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 88 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

مزیدپڑھیں:فیفا ورلڈ کپ: اسپین نے بیلجیئم کو 1-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک فوج، ایف سی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم پر بوجھ ہیں، ان کا جڑ سے خاتمہ ناگزیر ہے، امن دشمنوں کو کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔