بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام (Engineer Amir Muqam) نے یومِ شہدائے جموں و کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں شہدائے کشمیر کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے جموں و کشمیر نے پاکستان سے محبت اور تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے لازوال قربانیاں دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر میں شہداء کا کردار ناقابلِ فراموش ہے اور ان کی عظیم قربانیاں کشمیری قوم کے عزم، حوصلے اور استقلال کی علامت ہیں۔ انجینئر امیر مقام (Engineer Amir Muqam) نے کہا کہ 13 جولائی 1931ء کے 22 کشمیری شہداء کی عظیم قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

مزیدپڑھیں:نیب کے تمام مقدمات میں عمران کی قسمت کا فیصلہ اب آئینی عدالت کرے گی

وفاقی وزیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی فوج نے ڈوگرہ فوج اور آر ایس ایس (RSS) کے ساتھ مل کر تین لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا اور یہ قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کشمیر کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور ان شاء اللہ کشمیری عوام کو آزادی ضرور نصیب ہوگی۔

انجینئر امیر مقام (Engineer Amir Muqam) نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر حال میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدائے کشمیر کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور کشمیری عوام کو آزادی کی منزل سے ہمکنار فرمائے۔