بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب میں کارڈ سے ریسٹورنٹ بل ادا کرنے پر ٹیکس 8 فیصد ہو گیا؟

پنجاب اسمبلی(Punjab Assembly) سے صوبائی بجٹ کی منظوری کے بعد انٹرنیٹ پر یہ دعویٰ گردش کرنے لگا کہ پنجاب حکومت نے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادا کیے جانے والے ریسٹورنٹ کے بلوں پر سیلز ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دیا ۔

اس دعوے نے صارفین میں الجھن پیدا کر دی اور متعدد افراد نے یہ سوال اٹھانا شروع کر دیا کہ کیا اس نئی شرح کا باقاعدہ اطلاق پورے صوبے میں ہو چکا ہے یا نہیں۔

یہ دعویٰ بالکل درست ہے۔

دعویٰ
6 جولائی کو انسٹاگرام صارف نے ایک گرافک شیئر کیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادا کیے جانے والے ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے بلوں پر سیلز ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دیا ہے۔

اس آرٹیکل کے لکھے جانے کے وقت تک پوسٹ کو 640 سے زائد لائکس اور اس پر 41 کمنٹس کیے گئے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Hamara Multan (@hamaramultan)


یہی دعویٰ فیس بک، ایکس اور ٹک ٹاک پر بھی شیئر کیا گیا۔

حقیقت
صوبے میں خدمات (سروسز) پر سیلز ٹیکس وصول کرنے کے ذمہ دار صوبائی ادارے، پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) نے تصدیق کی ہے کہ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادا کیے جانے والے ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے بلوں پر سیلز ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہو چکا ہے۔

مزیدپڑھیں:فیفا ورلڈکپ: کینیڈا میں جنگلاتی آگ کے باعث نیویارک میں فائنل کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا

جیو فیکٹ چیک سےٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے پبلک ریلیشنز آفیسر (PRO) طلحہ ملک نے کہا کہ ٹیکس کی اس نئی شرح کا نفاذ پنجاب کو دیگر صوبوں میں پہلے سے رائج ٹیکس ریٹ کے برابر لانے کے لیے کیا گیا ہے۔

طلحہ ملک نے بتایا: “پنجاب نے بھی باقی صوبوں کے مطابق ریشنلائزیشن (rationalization) کی ہے، کہ اب باقی صوبوں پہ بھی آپ کارڈ پیمنٹ کریں گے تو وہ 8 پرسنٹ ہوگا، جتنا باقی صوبوں میں ہے پنجاب نے بس اس کو دوسروں کے برابر کیا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے نتیجے میں، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادا کیے جانے والے ریسٹورنٹ کے بلوں پر اب 8 فیصد کی شرح سے سیلز ٹیکس لاگو ہے۔

طلحہ ملک نے واضح کیا کہ نقد ادائیگی کرنے والے صارفین سے سروسز پر 16 فیصد سیلز ٹیکس ہی وصول کیا جاتا رہے گا۔

انہوں نے مزید تصدیق کی کہ ٹیکس کی یہ نئی شرح یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہو چکی ہے اور اس وقت لاگو ہے۔

جیو فیکٹ چیک نے پنجاب فنانس ایکٹ 2026 کا جائزہ بھی لیا, ترامیم کے تحت یکم جولائی 2026 سے ڈیبٹ کارڈز، کریڈٹ کارڈز، موبائل والٹس اور کیو آر کوڈ (QR code) کے ذریعے ادا کیے جانے والے ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے بلوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دی گئی ہے۔

جیو فیکٹ چیک نے پنجاب کے مختلف شہروں کے ریسٹورنٹ مالکان سے بھی آزادانہ طور پر اس نئے ٹیکس ریٹ کی تصدیق کی، جنہوں نے توثیق کی کہ مخصوص ڈیجیٹل ادائیگیوں پر سیلز ٹیکس بڑھ کر 8 فیصد ہو چکا ہے۔

فیصلہ: پنجاب حکومت نے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادا کیے جانے والے ریسٹورنٹ کے بلوں پر سیلز ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہو چکا ہے۔