بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہیپاٹائٹس ڈیلٹا وائرس کی دوا، چین کی معروف کمپنی کے ساتھ معاہدہ ہو گیا

پاکستان میں ہیپاٹائٹس ڈیلٹا وائرس کے جدید علاج کی جلد دستیابی کی راہ ہموار ہو گئی، پاکستان اور چین کے درمیان دوا کی فراہمی سے متعلق اہم (B2B) معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے چین کی معروف کمپنی ’’ہواہوئی ہیلتھ‘‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر بِن چن نے ملاقات کی، جس میں ممتاز ہیماٹولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید ایس حامد، کلینیکل ریسرچ کے ماہر سید منور علی، وفاقی سیکریٹری صحت اسلم غوری اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ ڈاکٹر عبید بھی شریک تھے۔

ملاقات میں ہیپاٹائٹس ڈیلٹا وائرس کے مریضوں کے علاج سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جب کہ وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس ڈیلٹا وائرس کے علاج سے متعلق معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں جو ایک کامیابی ہے۔

وزیر صحت کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان میں جدید علاج کی مقامی سطح پر دستیابی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، جب کہ پاکستان اور چین کے درمیان یہ تاریخی تعاون ہیپاٹائٹس ڈیلٹا کے مریضوں کو جدید علاج کی فراہمی میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

مزیدپڑھیں:عالیہ ریاض سمیت 8 کھلاڑیوں کیلئے ٹیم کے دروازے کھلے ہیں، فاطمہ ثنا

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اندازوں کے مطابق پاکستان میں 10 لاکھ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس ڈیلٹا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں، جب کہ اس معاہدے سے مریضوں کو جدید اور مؤثر علاج تک بہتر رسائی حاصل ہوگی، اور ملک کے دواسازی کے شعبے میں استعداد کار اور بین الاقوامی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔

انھوں نے کہا کہ ڈریپ تمام قانونی اور ریگولیٹری تقاضے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے تاکہ یہ دوا جلد از جلد پاکستانی مریضوں کے لیے دستیاب ہو سکے۔

وزیر صحت نے مزید بتایا کہ ہیپاٹائٹس ڈیلٹا وائرس کی اس دوا کی ’فیز ٹو کلینیکل اسٹڈی‘ میں اس کی حفاظت اور مؤثریت کے مثبت نتائج بھی سامنے آ چکے ہیں۔