بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کے نظام کو ڈیلرز کی حمایت حاصل، حکومت سے مارجن بڑھانے کا مطالبہ

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کے نظام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نئے نظام، شعبے کو درپیش مسائل اور مستقبل کی اصلاحات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پی پی ڈی اے کے چیف ایڈوائزر ملک خدابخش نے آبنائے ہرمز کے بحران کے دوران ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود ملک بھر میں ایندھن کی فراہمی مؤثر انداز میں جاری رہی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے بتایا کہ یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کا نیا نظام سات روزہ رولنگ ایوریج (Rolling Average) کی بنیاد پر ہوگا۔ ان کے مطابق پہلے بھی ہفتہ وار قیمتوں کا تعین سات روزہ اوسط قیمت کے مطابق کیا جاتا تھا، تاہم روزانہ قیمتوں کے تعین سے شفافیت میں اضافہ ہوگا، مارکیٹ میں بے ضابطگیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

پیٹرولیم ڈیلرز کے وفد نے اوئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ڈیلرز کے درمیان قواعد و ضوابط کی تیاری میں ڈیلرز کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی تجاویز کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا۔

وفد نے ڈیلرز کا مارجن 8 فیصد کرنے کا مطالبہ بھی پیش کیا۔ اس پر علی پرویز ملک نے کہا کہ اس معاملے پر غور کیا جائے گا اور پی پی ڈی اے اور اوگرا کے حکام کے درمیان اجلاس بھی منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ مارجن سمیت دیگر امور پر پیش رفت کی جا سکے۔

واضح رہے کہ اوگرا آج رات سے یومیہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان شروع کرے گا، جبکہ نئی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے مطابق اوگرا کی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔ا