بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی پاکستان پہنچ گئے، محسن نقوی کا پرتپاک استقبال

ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

سرکاری دورے کے موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایرانی وزیر داخلہ کو گلدستہ پیش کیا، جبکہ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

استقبالی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر داخلہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور ایرانی وزیر داخلہ کے دورے سے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں بھی اس دورے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور مثبت پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے ہمراہ آنے والے اعلیٰ سطحی وفد میں گورنر سیستان و بلوچستان، ایران کے نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر برائے شہری ترقی و ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

اسکندر مومنی اپنے دورۂ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، سرحدی تعاون، تجارت، توانائی، سیکیورٹی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کہا کہ اپنے بھائی محسن نقوی سے دوبارہ ملاقات پر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مثالی ہیں اور وہ ہمیشہ پاکستانی حکومت اور عوام کی گرمجوش مہمان نوازی کے معترف رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایرانی وزیر داخلہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کا باعث بنے گا۔