بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ال نینو کے اثرات ! ماہرین نے پاکستان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ال نینو(El Nino) کا اثر مضبوط ہوا تو سال 2027 پاکستان کی تاریخ کے گرم ترین سالوں میں شامل ہو سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موسمیاتی تبدیلی اب پاکستان کے دروازے پر دستک نہیں دے رہی بلکہ اس کے خطرناک اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

شدید گرمی کی لہریں، ریکارڈ درجہ حرارت، اچانک طوفانی بارشیں، تباہ کن سیلاب اور تیزی سے پگھلتے گلیشیئر اس بات کا اشارہ ہیں کہ موسم کا نظام تیزی سے بدل رہا ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ال نینو کے اثرات مزید مضبوط ہوئے تو سال 2027 پاکستان کی تاریخ اور دنیا کے گرم ترین سالوں میں شامل ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اب پاکستان کے لیے محض ایک خطرہ نہیں بلکہ ملک اس کے شدید اور خطرناک اثرات کی زد میں آ چکا ہے۔

مزیدپڑھیں:عالمی اور مقامی مارکیٹس میں سونے کی قیمت میں آج پھر بڑا اضافہ

دنیا بھر میں سمندروں کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور برفانی ذخائر میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے جو کہ ایک عالمی خطرے کی گھنٹی ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر پاکستان نے قومی سطح پر متعدد حفاظتی اقدامات کا آغاز کردیا ہے ، جس میں قدرتی آفات سے قبل الرٹ جاری کرنے کے نظام کی تنصیب، شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے شہری اور دیہی سطح پر حکمت عملی ، سیلاب کی صورت میں ہنگامی امداد اور نکاسی آب کے پلان سمیت شمالی علاقہ جات میں گلیشیئرز کے پگھلنے سے بننے والی خطرناک جھیلوں کی مانیٹرنگ شامل ہیں۔

اگرچہ پاکستان نے قدرتی آفات سے بچاؤ کے اقدامات شروع کر دیے ہیں، تاہم ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ خطرے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے یہ تیاریاں تاحال ناکافی ہیں اور اس حوالے سے مزید ہنگامی بنیادوں پر طویل مدتی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔