پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ مرینہ خان نے پہلی بار اپنے سفید بال رکھنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس فیصلے کے پیچھے ان کی والدہ سے جڑا ایک دلچسپ اور جذباتی واقعہ بھی ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب مرینہ خان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اپنے بال ڈائی کرنا کیوں چھوڑ دیے، تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وہ بہت سست مزاج ہیں اور بار بار بالوں کو رنگوانا یا ٹچ اَپ کروانا ان کے لیے آسان نہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ اگر ایک بار ہیئر کلر کروا لیا جائے تو پھر اسے باقاعدگی سے برقرار رکھنا پڑتا ہے، جبکہ وہ اس معمول کی پابندی نہیں کر سکتیں، اسی لیے انہوں نے قدرتی سفید بالوں کو ہی قبول کر لیا۔
مرینہ خان نے بتایا کہ ان کے اس فیصلے میں ان کی والدہ کا بھی اہم کردار رہا۔ انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ وہ اسکول کے ایک فنکشن میں اپنی والدہ کو تلاش کر رہی تھیں۔ وہاں موجود خواتین میں انہیں ایک خاتون کے سفید بال دکھائی دیے، مگر انہوں نے یہ سوچ کر آگے بڑھ گئیں کہ یہ ان کی والدہ نہیں ہو سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ واپس آئیں تو معلوم ہوا کہ سفید بالوں والی خاتون دراصل ان کی اپنی والدہ تھیں۔ اس لمحے انہیں احساس ہوا کہ ان کی والدہ کے بال سفید ہو چکے ہیں، لیکن انہوں نے کبھی اس بات کو اہمیت نہیں دی اور نہ ہی انہیں رنگوانے کی ضرورت محسوس کی۔
مرینہ خان کے مطابق اسی واقعے نے انہیں سوچنے پر مجبور کیا کہ اگر ان کی والدہ قدرتی سفید بالوں کے ساتھ خوبصورت اور پُراعتماد نظر آ سکتی ہیں تو وہ بھی ایسا کر سکتی ہیں۔
اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے مکمل طور پر ہیئر کلر ترک نہیں کیا۔ ان کے بقول، انہوں نے درمیان میں دو تین مرتبہ بال رنگوائے ضرور، لیکن اسے مستقل معمول نہیں بنایا۔
مرینہ خان کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنی قدرتی شخصیت اور عمر کو اعتماد کے ساتھ قبول کرنا چاہیے، کیونکہ اصل خوبصورتی خود اعتمادی اور سادگی میں ہوتی ہے۔









