پنجاب اسمبلی سے صوبائی بجٹ کی منظوری کے بعد انٹرنیٹ پر یہ دعویٰ گردش کرنے لگا کہ پنجاب حکومت نے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادا کیے جانے والے ریسٹورنٹ کے بلوں پر سیلز ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دیا ۔
اس دعوے نے صارفین میں الجھن پیدا کر دی اور متعدد افراد نے یہ سوال اٹھانا شروع کر دیا کہ کیا اس نئی شرح کا باقاعدہ اطلاق پورے صوبے میں ہو چکا ہے یا نہیں۔
6 جولائی کو انسٹاگرام صارف نے ایک گرافک شیئر کیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادا کیے جانے والے ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے بلوں پر سیلز ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دیا ہے۔
صوبے میں خدمات (سروسز) پر سیلز ٹیکس وصول کرنے کے ذمہ دار صوبائی ادارے، پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) نے تصدیق کی ہے کہ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادا کیے جانے والے ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے بلوں پر سیلز ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہو چکا ہے۔
حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے پبلک ریلیشنز آفیسر (PRO) طلحہ ملک نے کہا کہ ٹیکس کی اس نئی شرح کا نفاذ پنجاب کو دیگر صوبوں میں پہلے سے رائج ٹیکس ریٹ کے برابر لانے کے لیے کیا گیا ہے۔
طلحہ ملک نے بتایا: “پنجاب نے بھی باقی صوبوں کے مطابق ریشنلائزیشن (rationalization) کی ہے، کہ اب باقی صوبوں پہ بھی آپ کارڈ پیمنٹ کریں گے تو وہ 8 پرسنٹ ہوگا، جتنا باقی صوبوں میں ہے پنجاب نے بس اس کو دوسروں کے برابر کیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے نتیجے میں، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادا کیے جانے والے ریسٹورنٹ کے بلوں پر اب 8 فیصد کی شرح سے سیلز ٹیکس لاگو ہے۔
طلحہ ملک نے واضح کیا کہ نقد ادائیگی کرنے والے صارفین سے سروسز پر 16 فیصد سیلز ٹیکس ہی وصول کیا جاتا رہے گا۔انہوں نے مزید تصدیق کی کہ ٹیکس کی یہ نئی شرح یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہو چکی ہے اور اس وقت لاگو ہے۔
پنجاب فنانس ایکٹ 2026 ترامیم کے تحت یکم جولائی 2026 سے ڈیبٹ کارڈز، کریڈٹ کارڈز، موبائل والٹس اور کیو آر کوڈ (QR code) کے ذریعے ادا کیے جانے والے ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے بلوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:سیلابی ریلا، ریلوے پل بہہ گیا، لاہور فیصل آباد آپریشن معطل، ٹرینوں کے روٹس تبدیل
پنجاب حکومت نے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادا کیے جانے والے ریسٹورنٹ کے بلوں پر سیلز ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہو چکا ہے۔









