اسلام آباد: اگست 2026 پاکستانی شہریوں کے لیے رواں سال کا سب سے زیادہ تعطیلات والا مہینہ ثابت ہو سکتا ہے، جہاں سرکاری کیلنڈر کے مطابق وفاقی تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کو شامل کیا جائے تو مجموعی طور پر 12 تعطیلات کا امکان ہے۔
سرکاری شیڈول کے مطابق 14 اگست 2026 کو پاکستان کا یوم آزادی جمعہ کے روز منایا جائے گا، جس کے باعث شہریوں کو جمعہ، ہفتہ اور اتوار پر مشتمل مسلسل تین روزہ لانگ ویک اینڈ ملنے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 25 اگست 2026 بروز منگل عام تعطیل متوقع ہے۔ تاہم تعطیلات کا حتمی اعلان حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کیے جانے والے باضابطہ نوٹیفکیشن کے بعد ہی کیا جائے گا۔
دستیاب سالانہ کیلنڈر کے مطابق اگست 2026 میں ہفتہ وار تعطیلات کی تعداد 10 ہوگی، جن میں ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں شامل ہیں۔ ان کے علاوہ دو وفاقی عام تعطیلات شامل ہونے سے مجموعی تعطیلات کی تعداد 12 تک پہنچنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:دسمبر میں ایک ساتھ 4 چھٹیاں، سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے
ذرائع کے مطابق سرکاری اداروں میں تعطیلات کا اطلاق حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق ہوگا، جبکہ نجی شعبے میں چھٹیوں کا شیڈول اداروں کی اپنی پالیسی کے تحت مختلف ہو سکتا ہے۔بعض نجی اداروں میں تعطیل کے باوجود ضروری خدمات کے لیے محدود عملہ طلب کیا جاتا ہے، جسے بعد میں متبادل چھٹی فراہم کی جاتی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اگست 2026 کی تعطیلات سے متعلق حتمی فیصلہ حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے سرکاری اعلان کے بعد واضح ہوگا۔









