اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرپور کے عوام نے پیپلزپارٹی کو اکثریت دلائی، اب ان کی جماعت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے ووٹ کا تحفظ یقینی بنائے۔
پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر میں میرپور سے پونچھ تک جو صورتحال بن رہی ہے، کیا اسے جمہوریت کا نام دیا جا سکتا ہے؟ انہوں نے پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور ووٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت پیچھے نہیں ہٹے گی اور کسی کے سامنے جھکے گی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری یاسین کا ایک نشست پر کامیاب ہونا اور آبائی نشست پر شکست ان کے لیے قابل قبول نہیں۔
مزید پڑھیں:الیکشن کا فیصلہ ریاست نہیں عوام کرتے ہیں ، مریم نواز کی پیپلزپارٹی پر تنقید
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی ریاست پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور قومی مفاد میں حکومت اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کرے گی، تاہم کسی سیاسی جماعت کے مفاد کے لیے کھڑا نہیں ہوا جا سکتا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ کے مفاد کے نام پر کشمیر کے معاملات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کو کسی صورت ایسا نہیں بننے دیں گے جہاں عوام کے حقوق متاثر ہوں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ مبینہ طور پر دباؤ، خوف اور مایوسی کی فضا پیدا کرکے عوام کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی تاکہ دھاندلی کے امکانات بڑھ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔









