اسلام آباد: پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کی سابق نیوز کاسٹر اور معروف سماجی شخصیت جہاں آرا معین انتقال کر گئیں۔ وہ اسلام آباد میں انتقال کر گئی ہیں۔ ان کے انتقال پر صحافتی، سماجی اور علمی حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
جہاں آرا معین نے پاکستان ٹیلی وژن نیوز سے اپنے کیریئر کا آغاز 1973 میں کیا۔ انہوں نے ابتدا میں انگریزی خبروں کی بیک گراؤنڈ کمنٹری کے شعبے میں کام کیا، جس کے بعد وہ باقاعدہ نیوز کاسٹر کے طور پر سامنے آئیں۔
وہ طویل عرصے تک پی ٹی وی نیوز سے وابستہ رہیں اور 1999 تک قومی نشریاتی ادارے کے لیے خدمات انجام دیتی رہیں۔ اپنے دور میں جہاں آرا معین کو خبروں کی درست ادائیگی، پیشہ ورانہ انداز اور حالاتِ حاضرہ پر گہری نظر رکھنے کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل تھا۔
مزید پڑھیں:مسلم لیگ (ن) کے رہنما کرنل (ر) شیر افگن خان انتقال کر گئے، سیاسی حلقوں میں سوگ
جہاں آرا معین خبرنامہ پیش کرنے کے لیے بھرپور تیاری کرتی تھیں اور معلومات کو درست انداز میں عوام تک پہنچانے پر خصوصی توجہ دیتی تھیں۔ ان کا شمار پی ٹی وی کے ان معروف چہروں میں ہوتا تھا جنہوں نے نیوز کاسٹنگ کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
صحافت کے علاوہ جہاں آرا معین نے تعلیم اور سماجی شعبوں میں بھی خدمات انجام دیں۔ وہ مختلف جامعات میں بطور وزیٹنگ فیکلٹی ممبر بھی وابستہ رہیں، جہاں انہوں نے طلبہ کو اپنے تجربات سے مستفید کیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے اقوام متحدہ، ورلڈ بینک، یونیسکو اور یو این ڈی پی جیسے عالمی اداروں کے ساتھ بطور کنسلٹنٹ بھی کام کیا اور مختلف سماجی و ترقیاتی منصوبوں میں اپنا کردار ادا کیا۔
جہاں آرا معین کی وفات کو صحافتی اور سماجی حلقوں میں ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔









