بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک بھر میں مون سون کا نیا الرٹ جاری، 5 اگست تک شدید بارشوں اور سیلاب کا خدشہ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں مون سون کے نئے سلسلے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 29 جولائی سے 5 اگست 2026 تک ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ متوقع بارشوں کے باعث بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ پنجاب کے سرحدی نالوں، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے پہاڑی برساتی نالوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق مختلف شہری علاقوں میں بھی بارش کے پانی سے سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان کے اضلاع ہنزہ، نگر، گلگت، غذر، تانگیر، داریل، دیامر، گانچھے، شگر، روندو، اسکردو، استور اور گپس یاسین میں دریاؤں، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں شدید بارشوں کا خدشہ، مون سون سے قبل ہنگامی اقدامات شروع

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، بنوں، لکی مروت، کرم، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کوہاٹ، کرک اور ہنگو کے مقامی ندی نالوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔

آزاد کشمیر میں مظفر آباد، وادی نیلم، باغ، حویلی، پونچھ، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، ہٹیاں بالا اور میرپور کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، سبی، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، پشین، کوئٹہ، مستونگ، جھل مگسی، نصیر آباد، آواران، لسبیلہ، قلات اور خضدار میں اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب میں سیالکوٹ، نارووال، چکوال، گجرات، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مری اور گلیات کے برساتی نالوں میں تیز بہاؤ کا امکان ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، جہلم، سرگودھا، ساہیوال اور دیگر شہروں کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب اور اس سے منسلک ندی نالوں میں درمیانے سے بلند درجے کے بہاؤ کا امکان ہے، جبکہ دریائے جہلم میں منگلا ڈیم کے بالائی علاقوں میں درمیانے درجے کے بہاؤ کی توقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔