بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور میں پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طارق قتل، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں فائرنگ کے واقعے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللہ طارق جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ گلبرگ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کلینک کے اندر داخل ہوکر فائرنگ کی۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول کی شناخت عبداللہ طارق کے نام سے ہوئی ہے، جو ریت کی ٹھیکداری اور کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ تھے۔ واقعے کے وقت وہ معمول کے طبی معائنے کے لیے کلینک آئے تھے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کلینک میں داخل ہوکر عبداللہ طارق پر چار گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کے دوران ایک ڈاکٹر بھی زخمی ہوا، جسے بازو پر گولی لگی، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مزید پڑھیں:ماجد ستی قتل کیس، عدالت نے فرخ کھوکھر کو عمر قید کی سزا سنا دی، جیل منتقل

فیصل کامران کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مقتول کا تعلق اوکاڑہ سے تھا اور وہاں ان کی پرانی دشمنی بھی موجود تھی۔ پولیس تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ چند ماہ قبل اوکاڑہ میں ہونے والے حملے کے پہلو کو بھی شامل تفتیش کیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے، جس میں دونوں حملہ آوروں کو کلینک کے باہر موٹر سائیکل کھڑی کرتے اور ہیلمٹ پہنے اندر داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

مقتول کے کزن مسعود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبداللہ طارق صبح معمول کے چیک اپ کے لیے کلینک آئے تھے اور اکیلے اندر گئے، جہاں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد انہیں گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عبداللہ طارق پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر اوکاڑہ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار بھی رہ چکے تھے۔