آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کےسلسلہ میں کل مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ ہو گی جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی ووٹنگ کل ہو گی ۔
تفصیلات کے مطابق دوسرے مرحلہ میں مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع مظفرآباد، نیلم اورجہلم ویلی میں پولنگ ہو گی ، 9 حلقوں میں 207 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن میں کل 8 لاکھ 95 ہزار 66 ووٹرز اپنا حق رائےدہی استعمال کریں گے، ڈویژن میں مرد ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 27 ہزار 4 سو جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 1سو 67 ہے۔
پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے12 انتخابی حلقوں میں 137 امیدوار میدان میں ہیں، مہاجرین کے انتخابی حلقوں میں 6کشمیر ویلی جبکہ 6 جموں کی نشستیں شامل ہیں۔
کشمیری مہاجرین کے 12حلقوں میں کل ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 8 سو 34 ہے جن میں مرد ووٹرز 2 لاکھ 47 ہزار 776 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 91 ہزار 54 ہے
مظفرآباد ڈویژن میں 1483 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، ڈویژن کے533 پولنگ سٹیشن کو حساس ترین 741 کو حساس جبکہ209 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انتخابی عملے کو بیلٹ پیپرز اور سرکاری ریکارڈ فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے بعد عملہ اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ ہو رہا ہے۔ پولنگ سامان کی ترسیل پولیس کی سخت سکیورٹی میں جاری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ اور الیکشن عملہ پولنگ انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور عملہ تعیناتی کے لیے تیار ہے۔
مزید پڑھیں:بھارت نے بگلیہار ڈیم کے سپل ویز بھی کھول دئیے، سنگین سیلابی صورتحال
کل صبح مقررہ وقت پر پولنگ کا آغاز ہوگا جبکہ سامان کی تقسیم کے بعد پولنگ عملہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گا۔









