بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر آزاد کشمیر کا الیکشن کمیشن کو خط، فائرنگ و پولنگ میں مداخلت پر تحقیقات کا مطالبہ

مظفر آباد: قائم مقام صدر آزاد جموں کشمیر چودھری لطیف اکبر نے انتخابی عمل کے دوران پیش آنے والے واقعات پر الیکشن کمیشن کو دو خطوط ارسال کرتے ہوئے فائرنگ، پولنگ میں مداخلت اور ایک وکیل کے زخمی ہونے کے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

قائم مقام صدر آزاد کشمیر چودھری لطیف اکبر کی جانب سے الیکشن کمشین کو لکھے گئے خطوط میں مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کو قبل از وقت فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ضرورت سے آگاہ کیا گیا تھا اور اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات بھی کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود حلقہ ایل اے 31 میں مؤثر سیکیورٹی انتظامات نہیں کیے گئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے ہاتھوں پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق ہو چکا ہے، جبکہ پولنگ ایجنٹس کو بھی پولنگ اسٹیشنوں کے اندر بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

چودھری لطیف اکبر نے مطالبہ کیا کہ پولنگ کے دوران پیش آنے والے تمام واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور متاثرہ علاقوں میں آزادانہ، منصفانہ اور محفوظ انتخابی عمل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے الزام عائد کیا کہ حلقہ ایل اے 36 میں ووٹرز پولنگ اسٹیشن پہنچے تو بتایا گیا ان کے ووٹ پہلے ہی کاسٹ ہو چکے۔ پیپلز پارٹی نے ویڈیو شواہد کے ساتھ الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

مزید پڑھیں:4 اگست تک شدید بارشوں اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ، این ڈی ایم اے الرٹ

پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ووٹر کو یہ کہنا کہ اس کا ووٹ کاسٹ ہو چکا جعلی ووٹنگ کا واضح ثبوت ہے۔ مہاراجہ روڈ، پری والا پولنگ اسٹیشن پر متاثرہ ووٹرز کی شکایات کی تحقیقات کی جائیں۔ اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔پیپلز پارٹی نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔