بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کینیڈا جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم خبر، درخواست گزاروں کے لیے انتظار مزید طویل

اگر آپ کینیڈا (Canada)میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے، ملازمت کرنے یا اہل خانہ سے ملنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے نہایت اہم ہے۔

 کینیڈین امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا نے پاکستان سے جمع کرائی جانے والی مختلف ویزا درخواستوں کی متوقع پراسیسنگ مدت میں باقاعدہ اضافہ کردیا ہے

 جس کے بعد پاکستانی درخواست گزاروں کو اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ انتظار کرنا پڑےگا۔

کینیڈین امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا کی تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق پاکستان سے جمع کرائی جانے والی اسٹڈی پرمٹ کی درخواستوں کی متوقع پراسیسنگ مدت 6 ہفتوں سے بڑھا کر 7 ہفتے کر دی گئی ہے۔

 جبکہ ورک پرمٹ کے لیے انتظار کا وقت 10 ہفتوں سے بڑھ کر 11 ہفتے ہوگیا ہے۔

اسی طرح عام وزیٹر ویزا کی پراسیسنگ مدت 40 دن سے بڑھ کر 43 دن اور والدین و دادا دادی کے لیے مخصوص سپر ویزا کی مدت 194 دن سے بڑھ کر 196 دن تک پہنچ گئی ہے۔

مزیدپڑھیں:عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ، سرمایہ کاروں کی نظریں امریکا، ایران مذاکرات پر

امیگریشن حکام نے واضح کیا ہے کہ ویب سائٹ پر ظاہر کیے گئے پراسیسنگ اوقات صرف تخمینی مدت ہوتی ہے۔

 ان کا شمار اس دن سے شروع ہوتا ہے جب کینیڈین حکام کو درخواست گزار کا مکمل فارم اور بائیومیٹرکس (فنگر پرنٹس اور تصاویر) موصول ہو جاتے ہیں۔

چونکہ پاکستان میں VFS سينٹرز پر بائیومیٹرکس کی اپائنٹمنٹ حاصل کرنے میں بھی کچھ دن لگتے ہیں، اس لیے درخواست کا کل وقت اس سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تاخیر کینیڈین امیگریشن نظام پر عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے دباؤ کا نتیجہ ہے، دنیا بھر سے لاکھوں افراد کی آمد اور درخواستوں کے شدید بیک لاگ کی وجہ سے امیگریشن دفاتر پر کام کا بوجھ بڑھ چکا ہے۔

اس کے علاوہ ہر سال ستمبر کے تعلیمی سیشن سے قبل اسٹڈی پرمٹس اور گرمیوں کی تعطیلات کے دوران وزٹ اور ورک ویزوں کی درخواستوں کا غیر معمولی سيلاب آتا ہے جو اس تاخیر کا بنیادی سبب بنتا ہے۔