بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایئرپورٹس آؤٹ سورسنگ، لیسکو اور میپکو نجکاری میں اہم پیش رفت

اسلام آباد: نجکاری کمیشن بورڈ نے لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کی نجکاری سے متعلق اہم منظوری دے دی۔

نجکاری کمیشن کے مطابق بورڈ کا 257 واں اجلاس وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی زیر صدارت ہوا، جس میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مسابقتی عمل کے نتیجے میں ای وائے پارتھنون کی سربراہی میں قائم کنسورشیم کو دونوں ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشیر کی تقرری کے لیے موزوں ترین امیدوار قرار دینے کی منظوری دی گئی۔

بورڈ نے کامیاب کنسورشیم کے ساتھ مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے (ایف اے ایس اے) کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی۔

نجکاری کمیشن کے مطابق بورڈ نے لیسکو اور میپکو کی نجکاری کو ’’بڑی نجکاری‘‘ کا درجہ دینے کی بھی منظوری دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت دونوں کمپنیوں کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر کی تقرری لازمی ہوگی۔

نجکاری کمیشن اب لیسکو اور میپکو کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر کی تقرری کا عمل شروع کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق لیسکو اور میپکو ان پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی چوتھی کھیپ میں شامل ہیں جنہیں حکومت نے نجکاری کے لیے نشاندہی کیا ہے، جبکہ پہلے تین بیچز کی نجکاری کا عمل پہلے ہی جاری ہے۔

نجکاری کمیشن بورڈ نے حکومت کے نجکاری پروگرام کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام نجکاری کا عمل شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جائے گا، جبکہ حکومت اور عوام کے مفاد میں بہترین قدر کے حصول اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا۔