ڈیجیٹل دنیا کی معروف ترین کمپنی گوگل نے پاکستان میں اپنے باقاعدہ آپریشنز کے آغاز کے موقع پر اعلان کیا ہے کہ ملک کے طلبہ کو گوگل ’جیمنائی پلس‘ کی سبسکرپشن ایک سال کے لیے مفت فراہم کی جائے گی۔
پاکستان میں گوگل کے باقاعدہ دفتر کے آغاز کے موقع پر گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے پاکستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گوگل ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ملک کے ساتھ وابستگی جاری رکھے ہوئے ہے اور پاکستان میں مقامی دفتر کا افتتاح اس طویل سفر میں ایک خاص موقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں گوگل کے پاکستان آفس کی بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے گوگل کے پاکستان میں باقاعدہ آپریشنز کے آغاز کو ملک کے ڈیجیٹل سفر اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
Islamabad : 18 August, 2026.
PM Shehbaz Sharif Meets Google Delegation to Discuss Digital Transformation; Inaugurates Google First Office in Pakistan to Boost Tech, Youth Upskilling.
A 9-member delegation of Google, led by Mr. Wilson White, Vice President for Government Affairs… pic.twitter.com/ztMadPpqdd
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) August 18, 2026
اسی تقریب میں ولسن ایل وائٹ نے پاکستانی طلبہ کے لیے گوگل جیمنائی کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن کا اعلان کیا۔ ان کے مطابق طلبہ کو یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔ اس شاندار سروس کے ذریعے طلبا جدید ترین مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بھرپور مدد حاصل کر سکیں گے جس سے ان کی پڑھائی اور تحقیقی کاموں میں بہت زیادہ آسانی ہو جائے گی۔
مزیدپڑھیں:نئی جگہ پر نیند کیوں نہیں آتی؟ دلچسپ وجہ جانیں
اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ پاکستانی طلبہ اس مفت سبسکرپشن کے لیے رجسٹریشن کیسے کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق فی الحال اس بارے میں حتمی طریقہ کار سامنے نہیں آیا۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے میڈیا کوآرڈینیٹر سعد قیصر خان نے بھی بتایا کہ گوگل جیمنائی پلس کی مفت سبسکرپشن سے متعلق مزید تفصیلات رواں ہفتے جاری کی جائیں گی۔
سعد قیصر خان کے مطابق پاکستان میں گوگل کے باضابطہ آپریشنز شروع ہونے سے ملک کی آئی ٹی انڈسٹری کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ اس اقدام سے اسٹارٹ اپس کے لیے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے کاروبار اور روزگار کے نئے راستے بھی کھل سکتے ہیں۔
View this post on Instagram
اگرچہ گوگل نے ابھی تک نئی اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا مکمل طریقہ نہیں بتایا، لیکن گزشتہ سال طلبہ کے لیے دی گئی گوگل کی پیشکش سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس بار بھی کچھ ایسی ہی شرائط ہوسکتی ہیں۔
گزشتہ سال پاکستان میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طلبہ کے لیے گوگل کا اے آئی پرو پلان متعارف کرایا گیا تھا اور اس کے لیے اہل یونیورسٹیوں کی فہرست بھی جاری کی گئی تھی۔
اس وقت طلبہ کے لیے ضروری تھا کہ وہ کسی اہل یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہوں۔ اسی طرح ممکن ہے کہ نئی پیشکش حاصل کرنے کے لیے بھی طلبہ کے پاس ایک فعال گوگل اکاؤنٹ ہو اور وہ پاکستان کی کسی اہل یونیورسٹی میں باقاعدہ تعلیم حاصل کر رہے ہوں۔
ممکنہ طور پر طلبہ کو اپنی تعلیمی حیثیت ثابت کرنے کے لیے یونیورسٹی کی ای میل، اسٹوڈنٹ کارڈ یا کسی دوسرے طریقے سے تصدیق بھی کرانا پڑسکتی ہے۔ تاہم یہ بات واضح ہے کہ یہ صرف گزشتہ سال کی پیشکش کی بنیاد پر ایک ممکنہ طریقہ کار ہے۔
گوگل نے ابھی تک موجودہ مفت جیمنائی سبسکرپشن کے لیے حتمی شرائط، اہل یونیورسٹیوں کی فہرست یا رجسٹریشن کا طریقہ باضابطہ طور پر جاری نہیں کیا۔
پاکستان میں اس وقت گوگل جیمنائی پلس کی سبسکرپشن کی قیمت 850 روپے ماہانہ بتائی جاتی ہے۔ اس حساب سے ایک سال کی سبسکرپشن کی قیمت تقریباً 10 ہزار 200 روپے بنتی ہے۔ اگر اعلان کردہ مفت سہولت اسی مدت کے لیے دستیاب ہوتی ہے تو اہل طلبہ کو ایک سال میں تقریباً 10 ہزار روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔
طلبہ کے لیے فی الحال بہتر یہی ہے کہ وہ گوگل کی جانب سے باضابطہ اعلان کا انتظار کریں اور کسی غیر سرکاری ویب سائٹ یا لنک پر اپنی گوگل یا یونیورسٹی کی معلومات فراہم نہ کریں۔ رجسٹریشن کا اصل طریقہ اور اہلیت کی شرائط گوگل کی جانب سے جاری ہونے کے بعد ہی واضح ہوں گی۔









