اگست کے اختتام پر آسمان پر ایک شاندار فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا، جب 27 اور 28 اگست کی درمیانی شب 2026 کا جزوی چاند گرہن(Sun Eclipse) ہوگا، اس دوران چاند کا بڑا حصہ سرخی مائل نارنجی رنگ اختیار کرلے گا، جس کے باعث یہ منظر خونیں چاند جیسا دکھائی دے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق چاند کی سطح کا تقریباً 96 فیصد حصہ زمین کے سائے سے گزرے گا، اگرچہ یہ مکمل چاند گرہن نہیں ہوگا، تاہم چاند کے بڑے حصے کے زمین کے سائے میں آنے کی وجہ سے منظر کافی نمایاں ہوگا۔
جزوی چاند گرہن 28 اگست کو تقریباً 4 بج کر 13 منٹ عالمی وقت کے مطابق اپنے عروج پر ہوگا، اس وقت چاند کا تقریباً 96 فیصد حصہ زمین کے سائے میں ہوگا۔
شمالی امریکا کے مختلف علاقوں میں چاند گرہن اپنے عروج پر مقامی وقت کے مطابق مختلف اوقات میں ہوگا، نیویارک اور ٹورنٹو میں یہ 28 اگست کی رات 12 بج کر 12 منٹ، شکاگو، ہیوسٹن اور ونی پیگ میں 27 اگست کی رات 11 بج کر 12 منٹ، ڈینور اور کیلگری میں رات 10 بج کر 12 منٹ جبکہ لاس اینجلس میں رات 9 بج کر 12 منٹ پر عروج پر ہوگا۔
مزیدپڑھیں:ویڈیو پلیٹ فارمز کے درمیان مسابقت، کنٹینٹ کری ایٹرز کیلئے مالی پیکیج کی پیشکش
واضح رہے کہ چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے اور زمین کا سایہ چاند کی سطح پر پڑتا ہے۔
سورج کی روشنی جب زمین کے کرۂ ہوائی سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی زیادہ بکھر جاتی ہے جبکہ سرخ اور نارنجی روشنی مڑ کر چاند تک پہنچتی ہے، جس کے باعث چاند سرخی مائل دکھائی دیتا ہے۔
چاند گرہن کو عام آنکھ سے دیکھنا مکمل طور پر محفوظ ہے، اسے دیکھنے کے لیے خصوصی چشموں یا حفاظتی فلٹرز کی ضرورت نہیں ہوتی۔









