ایک اہم اور باخبر ذریعے نے سابق وزیراعظم عمران خان(Imran Khan) کیلئے کسی بھی طرح کی ’’ڈیل یا ڈھیل‘‘ کے امکان، نیز وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان اختلافات کی رپورٹس کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے دونوں امکانات کو ’’صفر‘‘ قرار دیا ہے۔
سیاسی اور حکومتی سطح پر ہونے والی پیشرفت پر گہری نظر رکھنے والے اس ذریعے نے دونوں صورتوں کے امکان کو ’’صفر‘‘ قرار دیا۔ یہ بیان سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کے طبی علاج سے متعلق حکم کے بعد جاری ہونے والی شدید قیاس آرائیوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
توقع تھی کہ عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے گا، تاہم انہیں شفاء انٹرنیشنل کی بجائے پمز لے جایا گیا اور بعد ازاں اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔ اس پیش رفت کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ آیا یہ معاملہ پی ٹی آئی کے بانی کیلئے کسی ممکنہ ’’ڈیل یا ڈھیل‘‘ سے جڑا تھا۔
جب ذریعے سے خاص طور پر پوچھا گیا کہ کیا عمران خان کیلئے کسی ڈیل یا کسی طرح کی ڈھیل کا کوئی امکان موجود ہے تو انہوں نے دوٹوک جواب دیا: ’’صفر‘‘ اس ذریعے سے پھر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان اختلافات سے متعلق رپورٹس اور قیاس آرائیوں کے بارے میں پوچھا گیا۔
اس بار بھی جواب تھا ’’صفر‘‘۔ ذریعے نے کہا کہ پاکستان میں اس نوعیت کی قیاس آرائیاں کوئی غیر معمولی بات نہیں، جہاں سیاسی اور عسکری قیادت سے متعلق پیش رفت کو تاریخی طور پر سول حکومت اور عسکری اسٹیبلشمنٹ کے درمیان ’’ڈیل‘‘، ’’ڈھیل‘‘ یا ’’اختلافات‘‘ کے روایتی تناظر میں دیکھا جاتا رہا ہے۔
مزیدپڑھیں:ایپل کے اسمارٹ چشمے: اب تک کیا معلومات سامنے آئی ہیں؟
ذریعے کے مطابق جب بھی کوئی غیر معمولی سیاسی پیش رفت ہوتی ہے تو فوراً یہ قیاس آرائیاں شروع ہوجاتی ہیں کہ کہیں پس پردہ کوئی ڈیل طے کی جا رہی ہے یا سول حکومت اور عسکری قیادت کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ تاہم، ذریعے نے اصرار کیا کہ موجودہ سیاسی اور ادارہ جاتی انتظام کو پاکستان کے ماضی کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہئے۔
تقریباً تین سے چار سال قبل تشکیل پانے والے سیاسی انتظام کا حوالہ دیتے ہوئے ذریعے نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں سول حکومت اور عسکری قیادت کا سفر ماضی میں دیکھے جانے والے طریقہ کار سے ’’بالکل مختلف‘‘ ہے۔
ذریعے نے اشارہ دیا کہ اس وقت زیر گردش بہت سی رپورٹس زمینی حقائق کے بجائے بعض افراد کی خواہشات یا توقعات کی عکاسی کرتی ہیں۔ تاہم، ذریعے نے موجودہ حالات میں اس تشریح کو مسترد کر دیا۔ فی الحال، اس ذریعے کا اہم پیغام یہی ہے کہ عمران خان کیلئے کوئی ڈیل یا ڈھیل نہیں، اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔
انصارعباسی









