بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یوٹیوب پریمیئم صارفین کیلئے بری خبر، ستمبر سے ماہانہ فیس میں 15 فیصد اضافہ

یوٹیوب پریمیئم صارفین کو اشتہارات سے پاک ویڈیوز دیکھنے کی سہولت کے عوض ستمبر سے زیادہ قیمت ادا کرنا ہوگی۔ گوگل نے یورپ کے بعض ممالک اور سنگاپور میں یوٹیوب پریمیئم کی ماہانہ فیس میں 10 سے 15 فیصد تک اضافے کی تصدیق کردی ہے۔

نئی قیمتیں 23 ستمبر 2026 سے صارفین کے اگلے بلنگ سائیکل کے ساتھ نافذ ہوں گی۔ گوگل کے مطابق جن صارفین کی اگلی ادائیگی 23 ستمبر یا اس کے بعد ہوگی، ان سے نئی شرح کے مطابق فیس وصول کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق بعض یورپی ممالک میں انفرادی یوٹیوب پریمیئم پلان کی ماہانہ قیمت 13.99 یورو سے بڑھ کر 15.99 یورو ہوجائے گی، جبکہ فن لینڈ میں فیس 14.99 یورو سے بڑھا کر 16.99 یورو کردی جائے گی۔

اسی طرح سنگاپور میں انفرادی پلان کی قیمت 13.98 سنگاپوری ڈالر سے بڑھ کر 15.98 ڈالر ماہانہ ہوجائے گی، جبکہ فیملی پلان کی فیس 27.98 ڈالر سے بڑھا کر 31.98 ڈالر کردی جائے گی۔

گوگل کی جانب سے مختلف ممالک میں قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات مرحلہ وار جاری کی جارہی ہیں۔ اس سے قبل امریکا میں بھی یوٹیوب پریمیئم کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، جہاں بعض منصوبوں کی ماہانہ فیس میں 4 ڈالر تک اضافہ ہوا۔

یوٹیوب پریمیئم کی قیمتوں میں عام طور پر بار بار اضافہ نہیں کیا جاتا، تاہم قیمتیں بڑھائے جانے کی صورت میں مختلف ممالک میں یہ اضافہ ایک ہی وقت میں نافذ کرنے کے بجائے مرحلہ وار کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:ٹرمپ کا کینیڈین مصنوعات پر ٹیرف بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا اعلان

گوگل کے مطابق تازہ اضافے کا اطلاق متعلقہ صارفین کی اگلی بلنگ تاریخ سے ہوگا، بشرطیکہ وہ تاریخ 23 ستمبر 2026 یا اس کے بعد ہو۔