پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور طلب کرکے خصوصی تربیت کا آغاز کردیا ہے
جھنگ سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بولر قیوم خان کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد پی سی بی نے انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور طلب کرکے خصوصی تربیت کا آغاز کردیا ہے۔
فاسٹ بولنگ ہمیشہ سے پاکستانی کرکٹ کی پہچان اور شائقین کا جنون رہی ہے تاہم اس روایت کو ایک بار پھر مضبوط بنانے کے لیے پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹر نے نئے فاسٹ بولنگ ٹیلنٹ پر کام شروع کردیا ہے۔
جھنگ سے سامنے آنے والے قیوم خان نے حال ہی میں گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں اسپورٹس بورڈ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ نوجوان پیسر پہلی مرتبہ پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے نمایاں ہوئے ہیں۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کے مطابق جھنگ سے بورڈ کو ایک نایاب ٹیلنٹ ملا ہے جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گیند کرانے کی صلاحیت رکھتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ قیوم خان کی رواں سیزن میں بھرپور تربیت کی جارہی ہے اور اگلے سیزن میں انہیں بڑے پلیٹ فارم پر سامنے لایا جائے گا۔
قیوم خان کے ساتھ ساتھ پاکستان کو مزید نوجوان ایکسپریس پیسرز کی بھی امید ہے، علی رضا، رضا اللہ، عبدالسبحان اور ابوذر بھی 145 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گیند کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔
عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان پیس بولنگ کے بغیر نامکمل ہے، پی سی بی کا ہدف ہے کہ اگلے سال تک تین سے چار ایکسپریس فاسٹ بولرز تیار کرکے قومی کرکٹ کو نئی رفتار فراہم کی جائے۔
مزید پڑھیں:پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ ریلوے لائن منصوبہ، بڑا معاہدہ طے
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری خصوصی بولنگ کیمپ قومی ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ ایشلے نوفکے کی نگرانی میں جاری ہے جو 28 اگست تک جاری رہے گا۔









