پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلی کی چوٹ سے صحت یاب ہونے کے بعد بیٹنگ پریکٹس کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جس سے انگلینڈ کے خلاف 27 اگست سے لارڈز میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں ان کی شرکت کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
بابر اعظم نے کوچنگ اسٹاف کے ایک رکن کے ہمراہ انڈور ہال میں طویل بیٹنگ سیشن کیا۔ لارڈز کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بابر اعظم کی پریکٹس کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی، جس کے بعد ان کی دوسرے ٹیسٹ میں ممکنہ واپسی کی قیاس آرائیاں مزید زور پکڑ گئی ہیں۔
بابر اعظم کی ٹیم میں واپسی پاکستان کی بیٹنگ لائن کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پہلے ٹیسٹ کی شکست کے بعد قومی ٹیم کو کم بیک میں بھی مدد دے سکتی ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کو بیک نہم میں پریکٹس میچ کے دوران دائیں ہاتھ کی انگلی پر چوٹ لگی تھی، جس کے باعث وہ ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں اننگز اور 103 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری
دوسری جانب لندن میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ بھی حوصلہ افزا ہے۔ قومی ٹیم نے لندن میں انگلینڈ کے خلاف اپنے گزشتہ تینوں ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، جن میں 2016 اور 2018 میں لارڈز جبکہ 2016 میں دی اوول کی فتح شامل ہے۔









