حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اہم رابطہ ہوا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے قائدین کی ملاقات ہوئی جس دوران پارلیمانی معاملات، اتحادی امور اور پیپلز پارٹی کے تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں راجا پرویز اشرف، شیری رحمٰن، فاروق ایچ نائیک اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب شریک ہوئے۔ حکومت کی جانب سے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے تحفظات کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ میں قانون سازی، آزاد کشمیر کے معاملات اور حکومت سازی پر بھی گفتگو ہوئی۔ رانا ثنا اللہ نے پیپلز پارٹی سے پارلیمنٹ میں تعاون بحال رکھنے پر زور دیا، جبکہ راجا پرویز اشرف نے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کے جائز تحفظات دور کیے جائیں۔
شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی صرف کورم پورا کرنے کے لیے نہیں آئی۔ جب تک مسائل حل نہیں ہوتے اجلاس غیرمکمل ہوں گے۔ اتحاد کو عزت بھی دینی ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں:18ویں ترمیم کے بعد صوبے مضبوط، اب تقسیم کرنا اتنا آسان نہیں: طارق فضل
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دونوں جماعتیں ایک عرصے سے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ چاہتے ہیں کہ مسائل حل ہوں۔ فاروق ایچ نائیک نے ملاقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب ٹھیک ہے۔









