ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰﷺ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی۔
ملک بھر کی فضاؤں میں درود و سلام کی صدائیں، مساجد، عمارتیں، گلیاں، محلے، چوک، چوراہے خوبصورتی سے سجائےگئے ہیں اور آقائے دو جہاں سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا جارہا ہے۔
کراچی میں گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، جگہ جگہ اسٹالز پر کہیں موئے مبارک کا دیدار کیا جارہا ہے تو کہیں مسجد نبویﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز رکھے گئے ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسول کی جانب سے محفل میلاد کا انعقاد اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
لاہور میں بھی عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے ، عید میلادالنبیﷺ کی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں، لاہور میں مرکزی جلوس ریلوے اسٹیشن چوک سے نکلے گا۔
پشاور میں رحمت اللعالمینﷺ کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئے نعت خوانی اور میلاد مصطفیٰﷺ کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔
کوئٹہ میں بھی جگہ جگہ چراغان کیا گیا ہے ، محافل نعت اور میلادالنبیﷺ کے جلوس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، کوئٹہ میں مرکزی اجتماع باچا خان چوک پر ہوگا۔
اسلام آباد کو بھی دلہن کی طرح سجایا گیا ہے، چپہ چپہ سرور کائنات کی آمد کی خوشی میں جگمگا رہا ہے، ہر جگہ جشن آمد رسول کے نعرے گونج رہے ہیں، مسجدوں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
مزیدپڑھیں:9مئی کیسز: 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید، جائیداد ضبطی احکامات
کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس دن ڈھائی بجے شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا جو نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزارِ حبیب مسجد پر عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی جلوس نکالے جائیں گے۔
عید میلادالنبی ﷺ کے پیش نظر کے الیکٹرک نے آج شہر بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔









