پاور ڈویژن نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) اور پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (PITC) کو زیرِ التوا نیٹ میٹرنگ کیسز جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کردی ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایسے صارفین جنہوں نے مقررہ تاریخ سے پہلے نیٹ میٹرنگ کا عمل مکمل کرلیا تھا، ان کے کیسز کو غیر ضروری تاخیر سے بچانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر جانچا جائے گا۔
جائزے کے دائرے میں وہ کیسز شامل ہوں گے جن میں صارفین نے 9 فروری 2026 سے پہلے ڈیمانڈ نوٹس کی رقم ادا کردی تھی اور نیٹ میٹرنگ لائسنس کے حصول، میٹر تبدیل یا دوبارہ پروگرام کرانے اور میٹر کنکشن آرڈر مکمل کرنے سمیت دیگر ضروری تقاضے بھی پورے کرلیے تھے۔
پاور ڈویژن نے ہدایت کی ہے کہ ایسے تمام زیرِ التوا معاملات کی ریکارڈ کے مطابق جانچ پڑتال کی جائے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ کن صارفین نے مقررہ کٹ آف تاریخ سے پہلے تمام ضروری مراحل مکمل کیے تھے۔
PITC کو سافٹ ویئر اور بلنگ سسٹم اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت
پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (PITC) کو زیرِ التوا کیسز کی جانچ کرنے کے ساتھ اپنے بلنگ سسٹمز اور متعلقہ سافٹ ویئر کو بھی اپ ڈیٹ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اس اقدام کا مقصد ایسے اہل صارفین کے نیٹ میٹرنگ کنکشنز کو سسٹم میں شامل کرنا ہے جنہوں نے مطلوبہ کارروائی پہلے ہی مکمل کرلی تھی، تاکہ انہیں مزید غیر ضروری انتظار نہ کرنا پڑے۔
پاور ڈویژن نے تقسیم کار کمپنیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ صارفین کی جانب سے کی گئی ادائیگیوں اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کی تصدیق کریں۔ اس عمل کے ذریعے حقیقی طور پر زیرِ التوا درخواستوں کی نشاندہی کی جائے گی اور غیر اہل کیسز کو منظوری سے روکا جاسکے گا۔
مزیدپڑھیں:وزیراعظم اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم ؛درخواست گزاروں کی تعداد میں 52 فیصد اضافہ
کے الیکٹرک کے کیسز بھی جائزے میں شامل
حکومتی ہدایات کا اطلاق متعلقہ تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ کے الیکٹرک (K-Electric) سے متعلق کیسز پر بھی ہوگا۔
حکام کے مطابق ریکارڈ کی تصدیق کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ جن صارفین نے 9 فروری 2026 کی کٹ آف تاریخ سے پہلے نیٹ میٹرنگ کے لیے درکار مراحل مکمل کرلیے تھے، انہیں نئی پالیسی یا انتظامی کارروائی کی وجہ سے بلاوجہ تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ساتھ ہی حکومت نے واضح کیا ہے کہ صرف وہی کیسز منظور کیے جائیں گے جو مقررہ شرائط پر پورا اترتے ہوں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں سولر سسٹمز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث نیٹ میٹرنگ سے متعلق صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ زیرِ التوا درخواستوں کو جلد نمٹانے کا اقدام اہل صارفین کو اپنے مکمل شدہ نیٹ میٹرنگ کنکشنز فعال کرانے میں مدد دے سکتا ہے۔









