بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حنا جاوید قتل کیس، شوہر اور ملازم کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

راولپنڈی: قومی اسمبلی کی ڈیجیٹل میڈیا ایگزیکٹو حنا جاوید قتل کیس میں عدالت نے مقتولہ کے شوہر سہیل اصغر امام اور ملازم ذیشان کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

ڈیوٹی سول جج رانا شاہ نواز خان نے مقدمے کی سماعت کی۔ دونوں ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں سول لائنز سے عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ مقتولہ کے بھائی اور دیگر رشتہ دار بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

سماعت کے دوران ملزم شوہر سہیل اصغر امام نے مبینہ طور پر کمرہ عدالت میں پاگل ہونے کا ڈرامہ کرنے کی کوشش کی، جس پر ڈیوٹی جج نے اسے ڈانٹ دیا۔

عدالت نے دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کرتے ہوئے تفتیش جلد مکمل کرکے چالان بروقت عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقتولہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہوگئی ہے، جبکہ ڈی این اے رپورٹ ملتے ہی چالان تیار کرلیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے فرانزک اور ڈی این اے ٹیسٹ بھی مکمل کیے جاچکے ہیں۔

دونوں ملزمان اس سے قبل بھی 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں رہ چکے ہیں۔ مقتولہ کے سسر اور شریک ملزم اصغر علی کو بھی تفتیش میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے سسر نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ وہ ریٹائرڈ اعلیٰ سرکاری افسر ہیں۔

مقتولہ کی جانب سے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس کی تفتیش سے مطمئن ہیں، پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا اور انصاف کی توقع ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق 45 سالہ حنا جاوید کو گزشتہ ہفتے مبینہ طور پر ان کے شوہر نے ملازم ذیشان کے ساتھ مل کر قتل کیا۔ رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، منہ میں کپڑا ٹھونسا گیا تھا جبکہ گلے میں تار باندھ کر لاش کو واش روم کے شاور سے لٹکایا گیا تھا۔

کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک اور ڈی این اے رپورٹس کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔