بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہریانوی گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان(Ankit Balyan) کو جم سے باہر نکلتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ بدھ کی شام کوتوالی تھانے کی حدود میں پیش آیا، 2 موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے انکت بالیان پر متعدد گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں انکت موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انکت بالیان پر 18 گولیاں چلائی گئیں۔
پولیس کے مطابق مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
علاقے میں نصب کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حملہ آوروں کی شناخت کی جا سکے۔
مزیدپڑھیں:بالی ووڈ کے 3 مشہور اداکاروں کے گرد گھیرا تنگ
بھارتی میڈیا کے مطابق انکت بالیان کے یوٹیوب چینل پر 3.66 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز تھے۔
انکت اپنی ویڈیوز میں متعدد نامور گلوکاروں، فنکاروں اور پرفارمرز کے ساتھ نظر آتے تھے، مقتول کی متعدد ویڈیوز میں اسلحہ، فائرنگ اور مہنگی گاڑیوں کو بھی دکھایا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی ہیں کہ انکت بالیان آئندہ پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے کی تیاری کر رہے تھے تاہم پولیس یا مقتول کے قریبی ساتھیوں کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی اور نہ ہی قتل کی وجہ تاحال سامنے آ سکی ہے۔









