بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سورۃ رحمٰن کی روزانہ تلاوت : کینسر سے صحتیابی میں اہم کردار ادا کیا، نعمان اعجاز

سینئر اداکار نعمان اعجاز نے بتایا ہے کہ وہ جون 2024 میں کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہوگئے تھے، تاہم علاج کے دوران کان کے قریب موجود ٹیومر آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا جبکہ بعد کے اسکینز میں معدے میں موجود لیمفوما بھی نظر نہیں آیا۔ اداکار نے اپنی صحتیابی کے سفر میں سورۃ الرحمٰن کی روزانہ تلاوت کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں اپنی بیماری اور صحتیابی کے سفر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نعمان اعجاز نے بتایا کہ جون 2024 میں انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

نعمان اعجاز کے مطابق ان کے کان کے قریب ایک ٹیومر موجود تھا جبکہ معدے میں لیمفوما کی بھی تشخیص ہوئی۔ بیماری کا علم ہونے کے بعد انہوں نے اللہ تعالیٰ سے رحم کی دعا کی اور علاج کے مراحل سے گزرنا شروع کیا۔

اداکار نے بتایا کہ بیماری کے دوران اسپتال کے چکر، کیموتھراپی اور علاج کی مشکلات سے زیادہ انہیں اس بات کی فکر تھی کہ ان کی بیماری کے باعث ان کے اہلِ خانہ کو تکلیف سے گزرنا پڑے گا۔

نعمان اعجاز کے مطابق اس عرصے میں انہیں یہ خوف بھی رہتا تھا کہ شاید وہ اگلی صبح نہ اٹھ سکیں۔ اسی وجہ سے وہ رات کو سونے سے قبل مختلف آیات اور دعاؤں کی تلاوت کیا کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے دوست گوہر بٹ نے انہیں سورۃ الرحمٰن پڑھنے کا مشورہ دیا، جس کے بعد انہوں نے روزانہ سورۃ الرحمٰن کی تلاوت شروع کردی۔سورۃ الرحمٰن نے ان کی صحتیابی کے سفر میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ وہ اس دوران روزانہ اس کی تلاوت کرتے رہے۔

اداکار کے مطابق کان کے قریب موجود ٹیومر کو آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا، جبکہ معدے میں موجود لیمفوما بعد میں کیے جانے والے اسکینز میں نظر نہیں آیا۔

نعمان اعجاز نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے جولائی میں ان کی کیموتھراپی شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم بعد میں آنے والے اسکین کے نتائج ان کے لیے حیران کن تھے۔انہوں نے اپنی صحتیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

مزید پڑھیں:امریکی خلا ئی اتحاد، ٹرمپ کی ایران مخالف پالیسی مذاق بن چکی، اسماعیل بقائی

واضح رہے نعمان اعجاز پاکستان کے سینئر اور معروف اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ طویل عرصے سے ٹیلی ویژن ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں اور مختلف کرداروں کے ذریعے ناظرین میں اپنی منفرد پہچان بنا چکے ہیں۔