حکومتی امیدوار واثق قیوم عباسی بلامقابلہ ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی منتخب
لاہور(نیوزڈیسک) حکومتی امیدوار واثق قیوم عباسی بلامقابلہ ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔اپوزیشن کی طرف سے پیپلزپارٹی کے رکن علی حیدرگیلانی کو ڈپٹی سپیکرکے لئے امیداور نامزدکیاتھاتاہم کاغذات نامزدگی کے لئے مقررہ وقت شام پانچ بجے تک انہوں نے اپنے کاغذات داخل نہیں کرائے جس پرحکومتی امیدوار واثق قیوم کو بلامقابلہ کامیاب قراردے دیاگیاہے۔گزشتہ روز پنجاب اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد منظور کی تھی۔
ادھر گزشتہ روز سپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں تحریک انصاف کے سبطین خان کامیاب ہوئے تھے تاہم مسلم لیگ ن نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا الیکشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
لاہورہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گیے، الیکشن خفیہ رائے شماری کے زریعے ہوتا ہے جس میں بیلٹ پیپرز پر سیریل نمبر درج کرنا آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے۔
ن لیگ کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کو کالعدم قرار دیکر دوبارہ انتخاب کا حکم دے۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے درخواست میں سبطین خان سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔









