بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیپرا کا عوام کو بڑا جھٹکا: ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی 2 روپے 58 پیسے مہنگی، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد : نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ماہانہ اور سہ ماہی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 58 پیسے فی یونٹ کا بڑا اضافہ کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نیپرا کے اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے صارفین پر ہو گا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی 2026ء کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (FPA) کی مد میں بجلی 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔ اس ماہانہ اضافے کا اطلاق ستمبر کے بجلی کے بلوں میں ہو گا، جس سے ملک بھر کے صارفین پر تقریباً 33 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ منتقل ہو گا۔

دوسری جانب، نیپرا نے رواں مالی سال کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ (اپریل تا جون 2026ء) کا فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بجلی 52 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ نیپرا نے یہ فیصلہ حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی اس رقم کی وصولی ستمبر سے نومبر 2026ء کے تین مہینوں کے بلوں میں کی جائے گی، جس سے صارفین کو مزید 12 ارب 67 کروڑ روپے ادا کرنا ہوں گے۔

نیپرا کی جانب سے ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کے ان یکمشت فیصلوں سے بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 45 ارب 67 کروڑ روپے سے زائد کا مالی بوجھ پڑے گا، جس سے پہلے سے تورم اور مہنگائی کی زد میں آئے عوام کی مشکلات میں شدید اضافے کا خدشہ ہے۔