سانحہ پمز کے بعد ڈاکٹرز کیلئے فائر سیفٹی کی تربیت لازمی قرار دینے کی منصوبہ بندی کرلی گئی۔
ذرائع کے مطابق صدر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے اس حوالے سے اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کونسل نے ڈاکٹرز کی فائر سیفٹی تربیت کیلئے کونسل ممبرز سے تجاویز طلب کرلی ہیں، جبکہ حتمی منظوری پی ایم ڈی سی کی ایگزیکٹو باڈی دے گی۔
مجوزہ پلان کے تحت میڈیکل آفیسر سے پروفیسر تک تمام ڈاکٹرز کیلئے فائر سیفٹی تربیت لازمی قرار دی جائے گی۔
کونسل کی جانب سے جلد وفاق، صوبوں اور متعلقہ وزارتوں کو بھی اس منصوبے سے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
مجوزہ پلان کے مطابق میڈیکل طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے سے قبل فائر سیفٹی تربیت یا کورس کرنا ہوگا، جبکہ میڈیکل گریجویٹس کو ہاؤس جاب کی طرز پر فائر سیفٹی سرٹیفکیٹ بھی کونسل کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز بھی طلبہ کو فائر سیفٹی کی تربیت فراہم کریں گے۔
مزید پڑھیں:سوات، کوہ پیما سید علی شاہ کی میت 54 دن بعد ریکور، کالام منتقل
صدر پی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کا بنیادی کام ہی انسانی جان بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی کی تربیت سے ہنگامی حالات میں ڈاکٹرز کا معاون عملے پر انحصار کم ہوجائے گا۔









