بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

زمان پارک پولیس حملہ کیس، فلک جاوید کو بڑا ریلیف، ضمانت منظور

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے زمان پارک کے باہر پولیس پر حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت میں سوشل میڈیا پر سرگرم کارکن فلک جاوید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔

جج ملک عابد حسین نے کیس کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد فلک جاوید کی ضمانت منظور کرنے کا حکم جاری کیا، سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے فلک جاوید کی ضمانت کی مخالفت کی گئی۔

پراسیکیوشن نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ فلک جاوید کے خلاف درج مقدمہ سنگین نوعیت کا ہے، اس لیے انہیں ضمانت پررہا نہ کیا جائے تاہم عدالت نے دلائل سننے کے بعد فلک جاوید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔

فلک جاوید کے خلاف تھانہ ریس کورس میں پولیس پر حملہ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے یہ مقدمہ زمان پارک کے باہر پولیس کے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق ہے۔

فلک جاوید 9 مئی کے مقدمات میں بھی جیل میں قید ہیں۔ ان کے خلاف مختلف مقدمات میں قانونی کارروائی جاری ہے۔

عدالت کی جانب سے ضمانت منظور کیے جانے کے بعد فلک جاوید کو اس مقدمے میں ریلیف مل گیا ہے تاہم دیگر مقدمات میں قانونی کارروائی کے باعث ان کی رہائی کا معاملہ ان کیسز کی صورتحال سے منسلک ہوگا۔

واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں متعدد سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں پولیس پر حملے، توڑ پھوڑ اور دیگر الزامات شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

فلک جاوید کے خلاف بھی 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں کارروائی جاری ہے جبکہ زمان پارک کے باہر پولیس پر حملے کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے اب ان کی ضمانت منظور کرلی ہے۔