بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلوچستان کے عوام کا امن اور خوشحالی ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے، فیلڈ مارشل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی کی صورت حال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی، اس موقع پر ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے تعاون سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا اور امن کے استحکام اور معاشی سرگرمیوں و ترقی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کی خاطر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل اور مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوش حالی اور فلاح و بہبود ریاست کی کوششوں کا مرکزی محور ہے، مستحکم اور محفوظ ماحول صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، معاشی مواقع اور عوام کے بہتر مستقبل کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں:امریکا میں منفرد مقابلہ، پگ نسل کا ’جِنی لو‘ بدصورت ترین کتا ونر قرار

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور فرائض کی انجام دہی میں افسران اور جوانوں کی ثابت قدمی اور لگن کو سراہا۔قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔