پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے افغان میڈیکل و ڈینٹل طلبہ سے متعلق اہم فیصلے کرتے ہوئے پاکستان میں پہلے سے زیرِ تعلیم افغان طلبہ کو اپنے ملک واپس جانے کی ہدایت کردی۔
کالجز کو ضروری انتظامی کارروائی مکمل کرنے کا حکم
پی ایم ڈی سی نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو افغان طلبہ کی واپسی کے لیے ضروری انتظامی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
کونسل کے مطابق متعلقہ میڈیکل و ڈینٹل ادارے افغان طلبہ کو مطلوبہ این او سی جاری کریں۔
افغان شہریوں کے نئے داخلوں پر پابندی
پی ایم ڈی سی کے مطابق موجودہ تعلیمی سیشن میں افغان شہریوں کو میڈیکل اور ڈینٹل پروگرامز میں داخلہ دینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ افغان شہریوں کو میڈیکل و ڈینٹل اداروں میں پلیسمنٹ، ٹرانسفر یا مائیگریشن کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
اداروں کو سہولت فراہم نہ کرنے کی ہدایت
پی ایم ڈی سی نے میڈیکل و ڈینٹل اداروں کو ہدایت کی ہے کہ افغان شہریوں کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم نہ کی جائے اور سابقہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
کونسل نے ان اداروں کو بھی 3 روز کے اندر مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جنہوں نے تاحال تعمیلی رپورٹ جمع نہیں کرائی۔
خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ
پی ایم ڈی سی نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے، معلومات چھپانے یا غیر مجاز سہولت کاری کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔
کونسل کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022 کے تحت ریگولیٹری کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔









