وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک(Ali Pervaiz Malik) نے بری خبر سناتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہو رہا ہے اور مزید بھی ہوگا، لیکن حکومت پر اعتماد رکھیں۔
وفاقی وزیر نے پیٹرول بے پناہ مہنگا ہونے کی مخالفت کو ریاست کے مفاد کے خلاف قرار دیا، اور کہا کہ اس سلسلے میں حکومت پر دباؤ نہ ڈالا جائے کہ ریاست کے مفاد پر سمجھوتہ کریں۔
انھوں نے کہا حکومت نے عوام کے لیے ریلیف کا آغاز کر دیا ہے، آئی ایم ایف رواں ماہ نظر ثانی کے لیے آ رہا ہے، اپنی ٹیم کے لوگوں سے کہوں گا کہ عوام کے لیے ریلیف کا راستہ بنانے کی کوشش کریں۔
مزیدپڑھیں:موبائل فونز پر ڈیوٹی میں کمی، کیا صارفین کو واقعی ریلیف ملے گا؟
علی پرویز ملک نے کہا اوگرا شفافیت کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمتوں کا تعین کرتا ہے، کوئی بھی کام حکومت بے خیالی میں نہیں کر رہی، ہر کام کے پیچھے منطق ہوتی ہے، ملک کے اندر کچھ کام کرنا ہے تو حکومت اور عوام کو مل کر کرنا ہے۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے زیادہ فکر ہمیں گیس سیکٹر کی ہے، قطر سے 30 ملین کا گیس کارگو نہیں نکل رہا، اب 100 ملین ڈالر میں لینا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 4 روپے 10 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا ہونے کے بعد نئی قیمت 384 روپے 34 پیسے ہو گئی ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 6 روپے 41 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا ہونے کے بعد نئی قیمت 415 روپے 83 پیسے ہو گئی ہے۔









