مچھر تو لکھ پڑھ نہیں سکتے تو ان کے لیے یہ قانون بے معنی ہے مگر پھر بھی دنیا کا ایک قصبہ ایسا ہے جہاں ان کی پرواز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جی ہاں واقعی ستمبر کے آغاز میں فرانس کے ایک قصبے کے میئر نے مچھروں کی پرواز پر پابندی کا حکم جاری کیا۔سینٹ جسٹ سینٹ ریمبرٹ کے میئر اولیور جولی نے اس انوکھے حکم پر یکم ستمبر کو دستخط کیے۔
اس حکم نامے پر تحریر ہے کہ رہائشیوں کی جانب سے ٹائیگر مچھر دیکھے جانے کی رپورٹس کے بعد میئر کی جانب سے قصبے کی حدود میں ان کیڑوں کی پرواز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
درحقیقت میئر نے پورے قصبے میں دن اور رات میں ان مچھروں کی پرواز پر پابندی عائد کی گئی ہے۔حکم نامے میں تحریر ہے کہ یہ مچھر مسلسل نچلی سطح پر پرواز کرتے ہیں اور ان کی کاٹنے سے خارش اور پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔
زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ حکم نامے میں تحریر ہے کہ جو مچھر اس پابندی کی خلاف ورزی کرے گا اسے سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔میئر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوسکا اور کسی بھی مچھر کو گرفتار نہیں کیا گیا یا سزا نہیں دی گئی۔
مزید پڑھیں:ہاکی ورلڈ کپ: پاکستانی کھلاڑی عبدالرحمٰن نے پولی گراس میجک اسکل ایوارڈ جیت لیا
ویسے تو بظاہر یہ مذاق ہے مگر اس حکم نامے کا بنیادی مقصد علاقے سے مچھروں کا خاتمہ کرنا ہے جن کے باعث سنگین امراض پھیلتے ہیں۔اس مقصد کے لیے رہائشیوں کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔مثال کے طور پر لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پانی جمع نہ ہونے دیں جبکہ گٹر وغیرہ کو ڈھانپ کر رکھیں۔









