دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کی کرکٹ آپریشنز ورکشاپ آج سے شروع ہو رہی ہے جس میں 2027-31 کے فیوچر ٹور پروگرامز پر اہم بات چیت متوقع ہے۔
آئی سی سی کی موجودہ ایف ٹی پی سائیکل مارچ 2027 میں مکمل ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اس ہفتے ہونے والی ملاقاتوں میں کئی اہم معاملات پر پیش رفت ہوگی تاہم مکمل اور حتمی ایف ٹی پی کا اعلان نومبر میں بالی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس سے قبل متوقع نہیں ہے۔
اس کی وجہ مختلف ممالک کے شیڈول میں موجود کئی اہم معاملات ہیں۔
نئے سائیکل میں مکمل رکن ممالک کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں دوطرفہ ون ڈے میچز کم ہوسکتے ہیں۔
تاہم ون ڈے کرکٹ کے عالمی کپ کی اہمیت برقرار رہے گی اور تین یا چار ملکی سیریز کے ذریعے 50 اوورز کی کرکٹ کو مزید اہم بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
مزیدپڑھیں:فٹبالر ارلنگ ہالینڈ نے مسٹر بیسٹ کے ساتھ مل کر اپنی ہی جعلی وائرل ویڈیو کو حقیقت بنا دیا
آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کے درمیان بڑی باہمی سیریز کا خاکہ پہلے ہی طے شدہ ہے۔
ایشیز 2027، 2029-30 اور 2031 میں شیڈول ہے جبکہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان بھی ٹیسٹ سیریز طے ہیں۔
2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی واپسی بھی شیڈولنگ کے لیے بڑا چیلنج ہوگی۔
دوسری جانب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں افغانستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کی شمولیت سمیت دیگر تجاویز زیرغور ہیں۔
ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے مزید سپلائرز کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔









